تازہ تر ین

کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ پاکستان پر حملہ ہے: بلاول

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ پاکستان پر حملہ ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج سی ای سی کے ہائبرڈ اجلاس میں ملک بھر سے رہنما شریک ہوئے، جس میں کراچی دہشت گردی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ سی ای سی کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی دھماکے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے اُن کا کہناتھا کہ کراچی میں دہشت گردی کا واقعہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ ملک کی ترقی کے خلاف سازش ہے۔ یہ دھماکا بلوچ بہن بھائیوں کے حقوق کے نام پر کیا گیا ہے، پوچھتا ہوں ہمارے نوجوانوں کو بم میں تبدیل کر کے کیسے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کوکہنا چاہتا ہوں آپ میں سے کچھ لوگ ناراض ہیں، پر امن جدوجہد سے حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں، تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ غیرجمہوری شخص ہم پر مسلط کیا گیا تھا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی۔ ہم نے ضیا الحق، مشرف اور سلیکٹڈ کے نظام کا مقابلہ کیا، 9 اپریل کی سازش میں ڈپٹی سپیکر کے ساتھ سپیکر اور صدر مملکت بھی ملوث تھے۔
بلاول نے کہا کہ آئین شکنی کی گئی، ہمارے آئین کو توڑا گیا، کاغذ سمجھ کر پھاڑا گیا، ہمارےآئین، جمہوریت اور پالیمان پر حملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، اس معاملے کی تحقیقات ہونا چاہئیں کہ رات کے اندھیروں میں کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، سابق وزیراعظم ’مجھے کیوں نہیں بچایا کی مہم چلارہے ہیں‘، ہر وہ ادارہ عمران خان کی بندوق پر ہے، جس نے خان صاحب کو نہیں بچایا۔ ایک شخص کی وجہ سے تمام ادارے متنازع بن گئے تھے، تمام اداروں کو قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ تمام ادارے آئینی کردار ادا کریں گے، متنازع کردار نہیں، عمران خان کی کوشش تھی کہ ادارے کو ٹائیگرفورس بنایا جائے۔ نوازشریف نے افطاری پر اپنے گھر بلایا تھا، ہم نے اہم فیصلے لیے ہیں، ن لیگ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، میثاق جمہوریت پر عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سال میں عمران خان کو گھر بھیج دیا، مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے، انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv