تازہ تر ین

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا

سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کی جانب سے اپنی ہی جماعت کے وزیراعظم کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرار داد پر رائے شماری سے قبل استعفیٰ دیکر وزارت عظمیٰ کے امید وارسردار تنویرالیاس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی نے آج صبح ہی اپنے چند وزرا کو وزارت سے نکال دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزرا کے وزارت سے نکالنے کے بعد اب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو منظوری کے لئے ارسال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ عمران خان کی امانت تھی واپس کر رہا ہوں۔
قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا۔
کابینہ سے فاروغ ہونے والوں میں سینئر وزیر تنویر الیاس، عبد الماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ سیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض، وزیر خوراک علی شان سونی اور پارلیمانی سیکریٹری بحالیات اکبر ابراہیم نے جمع کرائی۔
تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی کے 25 ارکان اسمبلی اور وزراء کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی۔ قانون ساز اسمبلی کے کل 53 ارکان میں سے پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 31 ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر 14 روز کے اندر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوگی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv