تازہ تر ین

عمران نیازی نے غیر آئینی سول مارشل لاء نافذ کیا، شہباز شریف

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےکہا ہےکہ عمران نیازی نےغیر آئینی سول مارشل لاء نافذ کیا، آرٹیکل 5 کے زمرے میں کوئی چیز آرہی تھی تو اسپیکر نےتحریک 24 مارچ کو کیوں منظور کی؟
اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جنرل مشرف نے بھی یہی غیر آئینی حرکت کی تھی، عمران خان اور اس کے حواریوں نے آئین کی واضح خلاف ورزی اور آئین شکنی کی، 24 مارچ کو اسپیکر نے ایوان کی منشا کے مطابق عدم اعتماد کی موشن کو لیو گرانٹ کی، اگر کوئی اعتراض تھا تو عدم اعتماد کی تحریک کو لیو گرانٹ کیوں کی، عمران نیازی نےاسپیکر کو اپنا آلہ کار بنایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کل اسمبلی میں آناً فاناً، ڈپٹی اسپیکر کوفلو ر دیا اور انھوں نے لکھا ہوا آرڈر پڑھا، امریکا سےمراسلہ7 مارچ کو آگیا تھا تو 24 مارچ تک تحریک پرکیوں اعتراض نہیں اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اپوزیشن کی تحریک کا سامنا نہیں کرسکتے تھے،کل کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائےگا، عمران نیازی نےغیرآئینی سول مارشل لاء نافذ کیا، آرٹیکل 5 کے زمرے میں کوئی چیز آرہی تھی تو اسپیکر نےتحریک 24 مارچ کو کیوں منظور کی، اس تحریک میں کسی قسم کا ردوبدل ممکن نہیں تھا۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر ہم قومی اسمبلی میں آئین لاگو نہیں کرسکتے تو پھر ملک میں بھی نہیں کرسکتے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی میں آئین کوتوڑا گیا،وزیراعظم کو اندازہ نہیں ہےکہ ہوا کیا ہے، تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کو ہٹانے کا آئینی اورجمہوری طریقہ کارہے، وزیراعظم نےعدم اعتماد کے طریقے کو آئین توڑکے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین کا دفاع کرنا کسی ایک پارٹی نہیں، عوام کی ذمہ داری ہے، پیپلزپارٹی کے کارکن اس بات پر خوش ہیں کہ سلیکٹڈ کی حکومت ختم ہوگئی، اپنے کارکنوں کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ ہم جیسی جماعتیں اس بات پر کبھی خوش نہیں ہوں گی کہ غیرآئینی کام کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ اس مسئلے کے لیے فل کورٹ بینچ بنائے، عدلیہ سے کہتے ہیں کہ آپ کے فیصلے سے ملک کی قسمت لکھی جائےگی، ہمیں اگر پھانسی چڑھانا ہے تو چڑھا دو لیکن تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرادیں۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی شکست سے بچنےکے لیے خودکشی کرلی، میں پہلے بھی کہہ چکاکہ عدالتی کمیشن بنائیں ، تحقیقات کرائیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر ان کےخلاف سازش ثابت ہوئی تو میں اور قوم آپ کےساتھ ہوں گے، جو کچھ کل ہوا، اس نے آپ کی حکومت کو تو ختم کردیا، لیکن آپ نے جمہوریت کو بھی ختم کرنے کا انتظام کردیا، ہم شرافت کی سیاست پر ہی قائم ہیں اور رہنا چاہتے ہیں



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv