تازہ تر ین

82 واں یوم پاکستان آج، جے 10 کی گرج دشمن کا دل دہلائے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوم پاکستان 23 مارچ کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کا سال ہونے کی وجہ سے 82 واں یوم پاکستان اور پریڈ منفرد و خاص اہمیت کی حامل ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ میں حسب سابق تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے پریڈ کا حصہ ہیں، آرمرڈ کور، آرٹلری، ایئر ڈیفنس انجنیئرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامان حرب کے ساتھ پریڈ شامل ہوں گے۔ میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہوں گے۔
اس سال کی ایک اور خاص بات جدید ترین جے 10 جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ اسی طرح جے 10 جنگی طیارے حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بنے ہیں۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔
علاوہ ازیں دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہونگے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے او آئی سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہوگا۔ امسال یوم پاکستان کا تھیم “شاد رہے پاکستان”ہے۔ یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ “مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ قوم اور بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئی ایس پی آر نے مختصر دورانیے کے پی ایس ایمز بھی جاری کی ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے “یوم پاکستان ” کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے، ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا، ملک کا استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت، دیانتداری اور اخلاقیات میں مضمر ہے، ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں، اس دن ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہئے، ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے، انصاف کے فروغ کیلئے طویل المدت اصلاحات متعارف کرائیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ، انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv