تازہ تر ین

دنیا بھر میں سپلائی چینز پر شدید دباؤ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ

دنیا بھر میں سپلائی چینز پر شدید دباؤ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ

سپلائی چینز میں خلل کی وجہ سے کورونا سے متاثرہ عالمی معیشت کی بحالی سست روی کا شکار فوٹو:فائل

 نیویارک: دنیا بھر میں سپلائی چینز (رسدی زنجیریں) شدید دباؤ کا شکار ہیں جس کے نتیجے میں مصنوعات مہنگی ہورہی ہیں اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ آگے صورتحال مزید خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق سپلائی چینز کے مسئلے کی وجہ سے صارفین کے لیے اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور کورونا سے متاثر ہونے والی       عالمی معیشت کی بحالی سست روی کا شکار ہے۔

معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے خبردار کیا ہے کہ سپلائی چینز میں تعطل کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ موڈیز نے کہا کہ عالمی معیشت کی بحالی کی رفتار تیز ہونا شروع ہوئی ہی تھی کہ اس میں سپلائی چینز میں جابجا رکاوٹوں کے باعث خلل آنے لگا۔

کارخانوں اور کھیتوں باغات سے صارفین تک مصنوعات پہنچنے میں کئی جگہ خلل واقع ہورہا ہے، جس کی وجہ کمپیوٹر چپ کی کمی، بندرگاہوں پر شدید رش اور ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کو قرار دیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صورتحال اس قدر گمبھیر ہے کہ آئی ایم ایف نے امریکی ترقی میں ایک فیصد کمی کی پیش گوئی کی ہے، جو کسی بھی جی 7 ملک کی معیشت کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔ موڈیز نے سپلائی چینز میں مسائل کی کئی وجوہات بیان کیں جن میں سرحدوں پر سخت کنٹرول، نقل و حمل پر پابندیاں، کورونا ویکسین کے ایک عالمی پاس (اجازت نامے) کا نہ بننا شامل ہے۔ اس کے نتیجے میں عالمی پیداوار متاثر ہورہی ہے کیونکہ سامان بروقت اپنی منزل پر نہیں پہنچ رہا جس کی وجہ سے لاگت اور قیمت میں اضافہ ہورہا ہے، اس سب کے باعث دنیا بھر میں شرح نمو متاثر ہورہی ہے۔

مختلف ممالک کے درمیان کورونا کے دوران نقل و حمل سے متعلق قواعد و ضوابط میں بھی ہم آہنگی نہیں جس کی وجہ سے ڈرائیورز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، اس کے علاوہ عالمی سطح پر رسد کو رواں رکھنے اور سامان کی نقل و حمل کی رفتار کو تیز کرنے کےلیے کوئی مربوط کوشش بھی نہیں کی جارہی، یہ سب معاملات صورتحال کو بگاڑ کا شکار کررہے ہیں۔

ادھر سرمایہ کاری کے مالیاتی ادارے جے پی مورگن نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسدی زنجیروں میں یہ رکاوٹیں اگلے سال تک ختم ہوجائیں گی، ہم اس بحران کے نقطے عروج تک پہنچ گئے ہیں اور آگے بہتری کی امید ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv