تازہ تر ین

رات سے ہی بوگی سے بدبو آ رہی تھی، انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اکتوبر 2019ء) : سانحی تیز گام ایکسپریس کے عینی شاہد کا دعویٰ سامنے آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ کے عینی شاہد نے کہا کہ رات سے ہی بوگی سے بدبو آ رہی تھی ۔ بدبو آنے پر ٹرین انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا لیکن کوئی ازالہ نہیں ہو سکا۔ عینی شاہد نے دعویٰ کیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ یاد رہے کہ آج علی الصبح کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان میں لیاقت پور کے قریب حادثہ پیش آیا اور ٹرین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اس کی تین بوگیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 65 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ حادثے میں 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان اور ریسکیو ہیڈ بہاولپور باقر حسین نے حادثے میں 65 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ۔

سانحہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے سانحے کے مقام پر پہنچ کر سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جب کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی سانحے کی جگہ پہنچ گیا ہے جس کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کےڈاکٹرز اورپیرا میڈیکس بھی امدادی کارروائیوں مصروف ہیں۔ جبکہ سی ای او ریلوے اعجاز احمد کے مطابق مسافر ٹرین میں سلنڈر دھماکے سے تین بوگیوں کو آگ لگی جس میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی شامل ہے جب کہ حادثے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا اور ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔ ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3،4،5 میں لگی، تینوں متاثرہ بوگیوں کے زیادہ تر ٹکٹس ایک ہی مسافر کے نام پر بک کروائےگئےتھے جس وجہ سے انفرادی نام نکالنےمیں مشکل ہورہی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹرین سےجلی ہوئی بوگیاں الگ کرکے ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے کی تمام تر ذمہ داری مسافروں پر عائد کر دی اور کہا کہ اس واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے، مسافروں نے ناشتہ بنانے کے لیے سلنڈر جلایا جس کے بعد چلتی ٹرین میں آگ لگ گئی۔چیئرمین ریلوے سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ انسپکٹر آف ریلوے کی سربراہی میں تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور وہ اس بات کا تعین کریں گے کہ سلنڈر کس طرح ٹرین میں لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv