تازہ تر ین

اب دنیا کے ڈومور کا وقت ہے ،آرمی چیف کا دو ٹوک اعلان

راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی‘ پشاور‘ مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک‘ نیوز ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، آخری گولی، آخری فوجی اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، آخری گولی، آخری فوجی اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا تھا کہ حالیہ دنوں دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں پوری کردیں اب دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرے، ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل دیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت سے کامیابی سے لڑنے کے بعد اب ہماری جنگ غربت، بے روزگاری، جہالت اور معاشی پسماندگی کے خلاف ہے تاکہ ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ آج جب ہم ایک روشن پاکستان کی بات کرتے ہیں تو ہمارا دل مقبوضہ کشمیر میں موجود اپنے بھائیوں کی تکلیفوں، مصیبتوں اور بڑھتی مشکلات کے باعث نہایت بے چین ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ آج کا کشمیر ہندوتوا کی پیروکار ہندوستانی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار بن چکا ہے، ریاستی دہشت گردی اپنے عروج پر ہے، کشمیری خون ارزاں ہوچکا اور جنت نظیر وادی ظلم کی آگ میں جل رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ ہندوستانی قیادت نے مذہبی جنونیت، تعصب، تنگ نظری اور طاقت کے زعم میں کشمیریوں کے حقوق پر جو حملہ کیا ہے وہ بلا شبہ ہمارے اور پوری عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بے بس کشمیریوں کی تکالیف اور آئے روز کی حقوق کی خلاف ورزیاں انسانیت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوجاتا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان امن اورسلامتی کا پیغام دیتا ہے، ہم افغانستان میں بھی امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔ آج کا پرامن اور بدلتا ہوا پاکستان دنیا کے لیے امن، ترقی و رواداری کا پیامبر ہے، ایک پرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم پوری حکمتِ عملی سے اپنی منزل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پرظلم ہمارے صبرکی آزمائش ہے، ہم کشمیری بھائیوں کوکہتے ہیں کہ آپ کوحالات کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑیں گے، کشمیریوں اور پاکستان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم کشمیری بہن بھائیوں کےلئے ہرقربانی دینے کوتیارہیں۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ یہ دن ہمیں شہدااور غازیوں کے لازوال کارناموں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ان جواں مردوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی بے مثل شجاعت و دلیری سے نئی داستانیں رقم کیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے ایئر کرافٹ نے بھارت کی جدید ترین اسکارپین کلاس آبدوز کا سراغ لگایا، اس کا پیچھا کیا اور اسے پاکستانی پانیوں سے باہر جانے پر مجبور کیا ۔دشمنوں کے دلوں پرلرزہ طاری کرنے اور ہمیں ثابت قدم رکھنے میں نصرتِ الہی پر ہم اللہ سبحان و تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے پلوامہ واقعہ کے بعد اپنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ قوت کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے آفیسر ز اور جوان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ عز م کرنا ہے کہ ہم پاکستان کوایک خوشحال اوراسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے انتھک محنت کریں گے ،پاکستان نیوی کا ہر آفیسر، ہرسیلر اور ہرسویلین مادر وطن کی سمندری سرحدوں اور ساحلوں کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہید کیپٹن محمد الحسنین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کیں۔ صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی راولپنڈی میں شہید کیپٹن جنید عرفان کے گھر گئے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو اپنے تمام شہدا پر فخر ہے جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل میں بہادری کی تاریخ رقم کرنے پر نشانِ حیدر کا اعزاز دیا گیا تھا۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کشمیرتکمیل پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے اورپاکستان کشمیرکوکبھی بھی حالات کے رحم وکرم پرتنہا نہیں چھوڑے گا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جی ایچ کیومیں یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر بقا پاکستان کا سفر ہمارے شہدا کی قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے، جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا، جب تک ہمارے پاس ایسے والدین موجود ہیں جو وطن پر جان قربان کرنے والے سپوت پیدا کرتے ہیں تب تک پاکستان کو کوئی قوت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے اوریہ پیغام پورے خطے اور دنیا کے لیے ہے۔آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کشمیرمیں جاری بربریت سے متعلق کہا کہ کشمیرمیں ریاستی دہشتگردی عروج پرہے، کشمیر تکمیل پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، پاکستان کشمیرکوکبھی بھی حالات کے رحم و کرم پرتنہا نہیں چھوڑے گا جب کہ کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کا امتحان ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ یوم شہدا کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لائن آف کنٹرول پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لائن آف کنٹرول پہنچ گئے، وزیر اعظم اور آرمی چیف ایل او سی پر جوانوں سے ملاقات کریں گے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور سپہ سالار شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملیں گے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور چیئرمین کشمیر کمیٹی بھی ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا شہدا کے ورثا سے بات چیت باعث فخر ہے، قیام پاکستان میں شہدا کا لہو شامل ہے، شہدائے پاکستان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جب بھی ضرورت پڑی بیٹوں نے لبیک کہا، شہدا نے اپنا کل ہمارے آج کے لئے قربان کر دیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستانی اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کی تکالیف انسانی ضمیر کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، ہم نے ہمیشہ امن و سلامتی اور مذاکرات پر زور دیا، کشمیر ہندو توا کے پیرو کار حکومت کے ظلم کا نشانہ بن رہا ہے، شہدا کی قربانیاں اور آپ کے حوصلے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں، ہم کوئی شہادت نہیں بھولے، زندہ قومیں اپنے شہدا پر ناز کرتی ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کی بات کی ہے، کشمیری بہن بھائیوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپورانداز میں ادا کی ہیں، خطے میں پاکستان کا کردار مثبت رہا ہے۔ آرمی چیف نے کہا افغان مصالحتی عمل میں بھی پاکستان کا بھرپور کردار ہے، امید ہے جلد افغانستان میں امن و استحکام آئے گا، بھارتی اقدامات سے خطے میں جنگ اور بد امنی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، یقین دلاتا ہوں پاکستان کبھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، جب تک وطن کے جانثار موجود ہیں کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، شہدا کے اہل خانہ کے جذبات دیکھ کر میرے اعتماد میں اضافہ ہوا، فرض کی ادائیگی کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، کشمیری بہن بھائیوں کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔قبل ازیں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب میں 65 کی جنگ کے حوالے سے دکھائی گئی دستاویزی فلم میں دشمن کو دی گئی عبرت ناک شکست کی کہانی بیان کی گئی۔ ڈاکیومنٹری میں شہدا کے اہلخانہ کے تاثرات بھی پیش کئے گئے جس نے تقریب کے شرکا کی آنکھیں نم کر دیں۔مرکزی تقریب میں کشمیر میں ہونیوالے مظالم کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر، فوجی افسران اور شہدا کے لواحقین سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں ماتمی بگل بھی بجائے گئے اور شہدا کو جنرل سلیوٹ پیش کیا گیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv