تازہ تر ین

28 مئی طبل جنگ کی تاریخ مقرر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو کسی اپوزیشن ،کسی دشمن ،کسی تحریک ضرورت نہیں ہے یہ خود ہی گرتی نظر آ رہی ہے۔ پاکستان کو جمہور اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے حصول کے تحت ہی چلایا جا سکتا ہے۔ ان قیادت کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں پارٹی اجلاس سے قبل میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو پارلیمنٹ جمہوریت سویلین بالادستی عوامی بالادستی کے اصولوں پر ہی چلایا جا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ موجودہ حکومت خود گرتی نظر آ رہی ہے اس کو کسی اپوزیشن، دشمن اور تحریک کی ضرورت نہیں ہے۔ بعدازاں مریم نواز نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں پارٹی کے محدود اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی، پارٹی کا محدود مشاورتی اجلاس چیئرمین سینیٹر راجہ ظفرالحق، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہوا۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ قومی اسمبلی کے آج منگل سے شروع ہونے والے اجلاس کی حکمت عملی طے کی گئی۔ شاہد خاقان عباسی نے متحدہ اپوزیشن کے گزشتہ روز کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں اعتماد میں لیا۔ یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ فیصلے کے مطابق عید کے بعد مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں کل جماعتی کانفرنس ہو گی۔ تمام اپوزیشن جماعتیں اپنے فورمز پر ایجنڈا طے کر کے اے پی سی میں تجاویز پیش کریں گی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ معیشت کو سہارا دینے کیلئے مل کر حکمت عملی بنانا ہوگی، مقدس ماہ میں دعا کریں ڈگمگاتی معیشت سنبھل جائے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ معیشت سسکیاں لے لے کر مر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے،کوئی معاشی سمت نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ غیر یقینی کی صورتحال قوم کےلیے زہر قاتل ہے،لوگوں سے پوچھیں جن کی مائیں بیٹیاں دوائی کیلئے تڑپ رہی ہیں۔حمزہ شہباز نے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ ہوچکا ہے،گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہیں ہیں۔حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستان کی کشتی ہچکولے کھارہی ہے،رمضان کے مبارک مہینے میں دعا کریں ڈگمگاتی ہوئی معیشت سنبھل جائے۔حمزہ شہباز نے کہاکہ معیشت کو سہارا دینے کیلئے مل کرحکمت عملی بنانا ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ دل پر پتھر رکھ کر حلف لیا تھا جمہوریت کی خاطر حکومت کو پانچ سال پورے کرنے دیں گے۔حمزہ شہباز نے کہاکہ ہم چاہتے تھے جمہوریت کی ٹوٹی پھوٹی گاڑی چلتی رہے، اگر ڈوبتی کشتی کو تقویت نہ بخشی تو ہم سب قصوروار ہونگے۔ مسلم لیگ ن نے عید کے بعد مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر رابطہ مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں پارٹی رہنماں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر حکمران اپنے منہ بند رکھتے تو آج معیشت کا یہ حال نہ ہوتا، آج بھی حکمرانوں کو یہی مشورہ دیتا ہوں، حکومت اگر سچ نہیں بول سکتی تو جھوٹ بھی مت بولے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو سامنے رکھتے ہوئے کم از کم اجرت 20 ہزار روپے کی جائے اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی وہ قیمت رکھی جائے جو قابل برداشت ہو، آنے والے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے اور کسی ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہ کیا جائے۔آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف سے شرائط میں بہت شکوک و شبہات ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط عوام کے سامنے رکھی جائیں۔ شاہد خاقان نے کہا کہ شرح سود میں ڈیڑھ فیصد اضافے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت گری ہوئی ہے اس کو گرانا مقصود نہیں، اصل مسئلہ عوام کے مسائل کا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ہدف حکومت توڑنے اور اقتدار کا نہیں ہے، ہمارا ہدف عوام کے مسائل کا حل ہے، آل پارٹیز کانفرنس فیصلہ کرے گی کہ سڑکوں پر آنا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کو گرانے میں ہے تو فیصلہ اے پی سی کرے گی، مسئلے کا حل الیکشن میں ہے تو الیکشن کے مطالبے کا فیصلہ اے پی سی کرے گی۔قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب کے اخبار کو انٹرویو کی تردید آنی چاہیے تھی، انٹرویو میں جو باتیں کہی گئیں وہ چیئرمین نیب کے دائرے اختیار میں نہیں آتیں۔انہوں نے کہا کہ وہ انٹرویو نیب کا نہیں جسٹس صاحب کا ہے، چیئرمین نیب کی پریس کانفرنس سے مزید شکوک پیدا ہو گئے ہیں، دو دن میں اس پر پریس کانفرنس کریں گے۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ آج نیب کی حقیقت عوام کے سامنے آ گئی ہے، آج ہر شخص کہتا ہے کہ نیب کا عمل انتقامی ہے احتساب کا نہیں ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہمارا کل بھی تھا اور آج بھی ہے، آج اگر نواز شریف جیل میں ہیں تو اپنے بیانیے کی وجہ سے ہیں۔سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عید کے بعد ملک گیر رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ عوام کو یوم تکبیر پر بتائیں گے کہ نواز شریف سیاسی قیدی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو کرپٹ نہیں سمجھتا،کرپٹ صرف وہ ہے جس کے خلاف ثبوت ہیں، اگر نواز شریف اور زرداری کے خلاف ثبوت ہیں تو عدالت میں رکھ دیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv