تازہ تر ین

پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن سے مطمئن ہوں :ائیرچیف (ر) سہیل امان ، بھارت کیلئے ابھی آغاز ہے اسے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں: جنرل (ر) راحت لطیف ، مودی کو سرپرائز مل گیا : عبداﷲگل ، پاکستان نے ثابت کر دیا دراندازی برداشت نہیں :شیری رحمان کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7 “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ مودی سرکار خطے کو خطرناک مقام پر لے آئی ہے۔ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ دراندازی کسی صورت قابل برداشت نہیں ہو گی۔ چینل فائیو کے پروگرام ”لائیو ایٹ 7“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس وقت حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پوری قوم متحد ہے۔ اس وقت ہمیں دنیا کو اپنے مﺅقف سے آگاہ کرنا ہو گا‘ ڈپلومیٹک محاذ پر متحرک اور فعال ہونا ہو گا کیونکہ بھارت ڈپلومیسی میں بہت شاطر ہے۔ پاکستان اس موقع کو ہاتھ سے نہ گنوائے اور دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ آشکار کرے۔ بھارت نے جنگی جنون اتنا بڑھا دیا ہے کہ اسے واپس ہونا مشکل لگ رہا ہے۔ سشما کو اگر او آئی سی سے ہٹا دیا جاتا ہے تو بڑی سفارتی کامیابی ہو گی۔ پاکستان اور بھارت کے مذاکرات ہونے چاہئیں۔ ائر مارشل (ر) سہیل امان نے کہاکہ پاک فضائیہ نے کامیاب آپریشن کیا جس پر مطمئن ہوں۔ حالات بڑے سنجیدہ ہیں۔ بھارت کو نظر آ گیا ہے کہ پاکستان ایک سیسہ پلائی دیوار ہے۔ جنگوں سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے۔ بھارت کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہئے اور مذاکرات کی جانب آنا چاہئے۔
جنرل (ر) راحت لطیف نے کہاکہ بھارت کیلئے ابھی شروعات ہوئی ہے اسے عقل کے ناخن لینے چاہئیں۔ پاکستان صرف امن چاہتا ہے جس کیلئے مذاکرات کرنا ہونگے‘ دونوں ملکوں کے بیچ مسئلہ کشمیر سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کا حل ہونا ضروری ہے۔ بھارت میں جب بھی الیکشن آتے ہیں اس طرح پاکستان کیخلاف باتیں کی جاتی ہیں۔ پاک فوج تیار ہے قوم ساتھ کھڑی ہے ۔ ہماری فوج بڑے سخت حالات میں لڑنے والی ہے‘ دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت کر اپنی صلاحیت کو ثابت کر چکی ہے۔ یو این او کو مداخلت کرنی چاہئے اور بھارت کو سمجھانا چاہئے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے کہاکہ بھارت نے اپنی روش نہ بدلی تو آنے والے دنوں میں اور سبق سیکھے گا۔ فنی خرابی جہاز میں نہیں بلکہ مودی کے دماغ میں ہے۔ بھارتی اب حیلوں بہانوں سے وہ خفت نہیں مٹا سکتا جو دنیا میں ہوئی ہے۔ بھارت ڈرامے ضرور کر سکتا ہے کبھی باقاعدہ حملہ کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ پاک فوج واحد فوج ہے جس نے تنہا دہشتگردی کا مقابلہ ختم کیا۔ بھارت عالمی اور علاقائی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔ مودی الیکشن جتنے کیلئے ڈرامے کر رہا ہے تاہم بدترین شکست اس کی منتظر ہے۔ پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن سے پوری وادی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں چپے چپے پر عوام پاک فوج کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔ بھارت کے اندر سے دفاعی ماہرین اور دانشور طبقہ مودی سرکار کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے۔
دفاعی تجزیہ کار عبداللہ گل نے کہاکہ پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ بھارت کے جھوٹ کو بی بی سی نے ہی کھول دیا تھا۔ مودی سرکار کو سرپرائز مل گیا ہے۔ گرفتار کیا جانے والا پائلٹ ونگ کمانڈر کرنل ہے اس پر مقدمہ درج اور تحقیقات ہونگی۔ پہلے دن بھی اسی پائلٹ نے دراندازی کی تھی۔ دنیا بھر سے پاک فضائیہ کو کامیاب کارروائی سے داد مل رہی ہے۔ عالمی کمیونٹی کو اس موقع پر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے او آئی سی میں آواز بلند کرنی چاہئے۔ اس وقت بھی ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ بھارت نے پاک سرزمین پر قدم رکھے تو پھر جہاد ہو گا۔

.



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv