تازہ تر ین

قطر کا ایک لاکھ پاکستانیوں کو نوکریان دینے کا اعلان

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک‘ نیوز ایجنسیاں) قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی وزیر اعظم عمران خان کی درخواست منظور کرلی۔ عمران خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت پاکستان نے قطری قیادت کو ایک لاکھ پاکستانی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جس کا مثبت جواب دیتے ہوئے قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ وزیر اعظم عمران خان نے درخواست قبول کرنے پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2022ءمیں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی اور امیرقطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کے ساتھ قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے، زراعت، پٹرولیم، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان کا دوحہ میں دیوان امیری آمد پر شاندار استقبال اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، دیوان امیری پہنچنے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ون آن ون ملاقات کی۔ جس میں دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ملاقات میں پاک قطر دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت اور سرماریہ کاری کے امور پر بات چیت کی گئی۔امیر قطر نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی،واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گذشتہ روز قطر کے دو روزہ دورے پر دوحہ پہنچے تھے، جہاں ان کی قطری ہم منصب عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات ہوئی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ قطری وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دی تھی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان اور مشیر تجارت عبدالرزاق داد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکسدتانیوں کو مجھ سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کےپیسے پر پاکسدتان چل رہاہے۔ انکی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں۔ قطر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کے بعد پہلا جلسہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ہو رہا ہے۔ جب کرکٹ کھیلنے جاتا تھا تو بیرون ملک پاکسدتانیوں سے ملاقات ہوتی تھی۔ انہوں نے دل کھول کر پاکستان کے لیے عطیات دئیے۔ بیرون ملک سے پیسہ بھیجنے والے ہیرو ہیں اور پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر بھیجنے والے ولن ہیں۔ چوری کے پیسے سے ڈالر باہر بھیجے جاتے تھے جسکی وجہ سے ڈالرکے مقابلے میں روپے کی بے قدری ہوئی۔ منی لانڈرنگ کیوجہ سے ڈالر کی قیمت بڑھی۔ میری جنگ ان پیسہ چوری کرنے والوں کے خلاف ہے۔ ہمارے پاس اتنے ڈالر نہیں جو ہم چیزیں باہر سے منگوا سکیں۔ جانتا ہوں اوور سیز پاکستانی ملک کے لیے کتنی محنت کرتے ہیں۔ کتنی مشکل اٹھا کر ملک سے باہر روزی کمانے جاتے ہیں۔ اٹلی میں پاکستانی نوجوان 6،6 کر کے ایک کمرے کے گھر میں رہتے ہیں۔ وہ دن ضرور آئیگا جب پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔ پاکستان جتنا مقروض ہے اب تک دیوالیہ نکل چکا ہوتا۔ انشائ اللہ وہ دن ضرور آئیگا جب پاکستانیوں کو روزگار کے لیے ملک سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دباو میں کھیلنا آتا ہے حکومت ملی تو 20 رنز پر 4 آوٹ تھے۔ حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ عمران خان اور جاوید میانداد کی پارٹنرشپ بن رہی ہے، عوام فکر نہ کریں۔ اللہ نے پاکسدتان کو ہر نعمت سےنوازا ہے۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ جب سے حکومت آئی ہے ایک بھی کرپشن کا سکینڈل نہیں نکلا۔ ایک وقت تھا جب برطانیہ پر پاکستانیوں پر حملے ہوتے تھے اور انہیں اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا تھا۔ وہ وقت آنیوالا ہے جب سبز پاسپورٹ لیکر نکلیں گے تو دنیا میں عزت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وسائل سے نہیں، دیانتداری سے حکومت چلانے سے ملک امیر ہوتا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار کرپشن اور ٹیکس نظام کیوجہ سے پاکستان آنے سے گھبراتے ہیں۔ ملک میں 36 ٹیکس تھے، ہم 16 پر لے آئے ہیں اور مزید کم کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا کبھی کوئی کرپشن سکینڈل نہیں نکلےگا۔ پاکستان کی کل برآمدات 24 ارب ڈالر ہیں۔ ملائشیا میں ٹورازم سے ہی 20 ارب ڈالر آمدنی ہوتی ہے۔ ترکی کی ٹورازم سے آمدن 40 ارب ڈالر ہے۔ ٹورازم سے اتنا پیسہ اکٹھا کر کے دکھاوں گا کہ کبھی قرض نہ لینا پڑے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv