تازہ تر ین

پاک پروٹیز پہلا ٹیسٹ آج سے شروع،محمد عبا س ِ،شاداب قومی سکواڈ سے باہر

سینچورین (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) بدھ سے سینچورین میں شروع ہو گا، پاکستانی ٹیم کو فاسٹ باﺅلر محمد عباس اور آل راﺅنڈر شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، دونوں کھلاڑی انجری کا شکار ہیں البتہ اوپننگ بیٹسمین فخر زمان مکمل طور پر فٹ ہو گئے ہیں اور وہ پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پروٹیز کا گرین شرٹس کے خلاف باہمی ٹیسٹ میچز میں 12 فتوحات کے ساتھ پلڑا بھاری ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سنچورین ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا،دونوں ٹیموں کی بولنگ مضبوط اور بیٹنگ مشکوک ہے،گرین پچ پاکستانی بلے بازوں کیلئے امتحان ہوگی۔پاکستان ٹیم اب تک جنوبی افریقا میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی اور گزشتہ 10سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔پچ ہری اور خطروں سے بھری ہوگی پر یہاں آخری تین ٹیسٹ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے جیتے ہیں۔پاکستانی ٹیم نے ٹور میچ میں جنوبی افریقہ الیون کو ہرا کر حریف ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی، توقع ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔قومی کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ جنوبی افریقن ٹیم ہوم گراﺅنڈ پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے اسلئے ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہو گی، یاسر شاہ ورلڈ کلاس سپنر ہیں اور وہ ٹیم کا اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز فاسٹ باﺅلرز کیلئے موزوں ہوتی ہیں لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ یاسر شاہ میزبان ٹیم کے بلے بازوں کیلئے خطرناک باﺅلر ثابت ہوں گے، جنوبی افریقن بلے بازوں نے گزشتہ تین برسوں سے کسی کوالٹی لیگ سپنر باﺅلر کا سامنا نہیں کیا اسلئے یاسرشاہ کی وجہ سے ہمیں نفسیاتی برتری ہو گی، امید ہے کہ وہ بھی حریف بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا کریں گے۔ قومی اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر محمد عباس اور اسپنر شاداب خان انجری کے باعث میچ نہیں کھیل سکیں گے جب کہ فخر زمان اور امام الحق اوپننگ کریں گے۔اسکواڈ میں اظہرعلی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، محمد عامر، یاسر شاہ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان 1995ءسے 2013ءتک مجموعی طور پر 23 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں پروٹیز کا پلڑا بھاری رہا، جنوبی افریقہ نے 12 اور پاکستان نے چار فتوحات حاصل کیں جبکہ سات میچز ڈرا ہوئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv