تازہ تر ین

145 ارب کی اراضی واگزار کرائی : عثمان بزدار

لاہور (خبرنگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا- وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ قبضہ چھڑایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ غریب لوگوں، ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں کے خلاف اور کچی آبادیوں میں آپریشن ہر گز نہیں کیا جائے گا اورواگزار کرائی گئی اراضی پر کسی صورت دوبارہ تجاوزات قائم نہیں ہونی چاہئیں-واگزار کرائی گئی زمین کا بہترین استعمال کرنے کے لئے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں اورواگزار کرائی گئی اراضی کا مکمل ڈیٹا تیار کیا جائے اور ریکارڈ مرتب کیا جائے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رکھا جائے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ بڑے مگر مچھوں کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کا تسائل برداشت نہیں کروں گا-انہوںنے کہاکہ قبضہ مافیا او رتجاوزات کے خلاف آپریشن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالے اضلاع کی حوصلہ افزائی کی جائے گی-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلع کی سطح پر قائم ا نسداد تجاوزات کمیٹیاں باقاعدگی سے آپریشن پر پیشرفت کا جائز ہ لیں اورمیں خود بھی تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن پر ہونے والی پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لے رہا ہوں- وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ اب تک پنجاب بھر میں جاری آپریشن کے دوران 84ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرا ئی جا چکی ہے اورواگزار کرائی گئی زمین کی لاگت تقریبا ً 145ارب روپے ہے-اجلاس میںصوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، متعلقہ حکام ، کمشنر لاہو رڈویژن ، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلی افسران نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ اس کے علاوہ کوئی دوسرا ایجنڈا تھا، نہ ہے ، نہ ہوگا۔اپنا گھر ہاﺅسنگ پراجیکٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت بے گھر افراد کو چھت ملے گی۔ ہاﺅسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرر ہے تھے جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی -وزیراعلیٰ نے کہاکہ پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں وسائل کو صرف مخصوص علاقوںکیلئے رکھے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ دور دراز کے علاقوں کو ترقی دے کر عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں اراکین اسمبلی کی مشاورت شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اراکین اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والو ںمیں وزیر مملکت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس غلام شبیر علی، رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور رکن پنجاب اسمبلی آسیہ امجد شامل تھیں۔دریں اثناءوزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع کی فراہمی ملک کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں 3 اعلیٰ معیار کی یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان یونیورسٹیوںکے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی کرائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور پے درپے مظالم کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے کشمیریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور موجودہ حالات کے تناظر میں عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ احسان مانی نے ملاقات کی،جس میں پنجاب کے دور دراز علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا-ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب اور دور دراز کے علاقوں میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ٹرائلز کرائے جائیں گے اورمنتخب کھلاڑیوں کو ملتان میں تربیت دی جائے گی- وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں میں اضافے کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے-پی سی بی کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے ٹرائلز کرانے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رائے ونڈ تبلیغی مرکز کی مسجد کے امام و خطیب مولانا جمیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv