تازہ تر ین

بہت مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ، چین ہر طرح سے مدد کریگا : عمران خان

اسلام آباد (مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔تحریک انصاف نے بہت مشکل حالات میں حکومتی باگ دوڑ سنبھالی۔دوست ممالک کی مدد سے ملکی معیشت کو سہارا دیناہماری اولین ترجیچ تھی۔ غربت کے خاتمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ حکومت ایکسپورٹ انڈسٹری کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پرعزم ہے۔حکومت وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت کی بنیاد رکھے گی۔وزراءاپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دہ ہیں۔ عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے۔ غربت کے خاتمے کے لئے نچلی سطح پر نظام کو استعمال کیا جائے گا۔ عوام کو صحت تعلیم و دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ حکومت کی جانب سے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے سے عوام کو سہولت ملے گی۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا۔وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی بھی شریک تھے۔وزیراعظم اور شرکا کے درمیان خیبر پختونخوا کے ترقیاتی کاموں سے متعلق بات چیت ہوئی اور بلدیاتی نظام سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے خیبر پختونخوا میں گورننس سے متعلق بھی دریافت کیا۔ عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کو گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیاں ایوان میں زیر بحث لانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے دورہ چین سے متعلق بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا اور شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم معاشی پیکجز دے گا، دورہ چین میں رشکئی میں صنعتی زون کو جلد آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے قبائلی علاقہ جات کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی ملاقات کی جس میں فاٹا کے مسائل پر بات کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا میں گڈ گورننس کو یقینی بنائیں گے، قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام حکومت کی اولین ترجیح ہے، فاٹا کے رہائشیوں کو تمام حقوق فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کے واقعات کے دوران متاثرہ افراد کی داد رسی کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے -حالیہ احتجاج کے بعد ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کےخلاف متعدد مقدمات درج کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کوشرپسندوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضہ پیکیج تیار کرنے کی ہداہت کر دی ہے جس کی وزیر اعظم عمران خان منظوری دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے متروکہ وقف املاک بورڈ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں اور مالی بدانتظامی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرانزک آڈٹ کرانے کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت متروکہ وقف املاک بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں انہیں بورڈ کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری، سیکرٹری مذہبی امور محمد مشتاق احمد، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے یمن کے سفیر کی ملاقات کی، پاک یمن تعلقات اور مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے یمن کے سفیر محمد مطہرالعشبی نے ملاقات کی جس میں پاک یمن تعلقات، مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں وزیراعظم نے یمنی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی ارسال کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ وہ یمن تنازع کا پرامن اور قابل قبول حل چاہتے ہیں اور اگر فریقین رضا مند ہوتو پاکستان امن عمل کے لئے کردار ادا کر سکتا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv