تازہ تر ین

اسرائیلی طیارے کی اسلام آباد آمد کی افواہ ، سول ایسوی ایشن کی تردید

اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک اسرائیلی طیارے کی اسلام آباد آمد کی افواہ پر سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی جانب سے وضاحت کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں پاکستان کی جعلی فکر نہ کرنے کا مشورہ دے ڈالا اور کہا ہے کہ ہم نہ مودی سے خفیہ مذاکرات کریں گے اور نہ ہی اسرائیل سے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو ایوی شارف نامی ایک اسرائیلی صحافی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ایک اسرائیلی طیارہ پاکستان آیا تاہم وہ طیارہ دارالحکومت تل ابیب سے براہ راست اسلام آباد نہیں پہنچا بلکہ طیارے کے پائلٹ نے چالاکی کرتے ہوئے پہلے اسے 5 منٹ کےلئے عمان میں لینڈ کروایا اور پھر وہاں سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری۔ اس حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مذکورہ طیارہ اسرائیل میں رجسٹرڈ نہیں تھا اور اسے کینیڈا کی طیارہ ساز کمپنی بمبار ڈیئر نے بنایا تھا۔ تاہم اسرائیلی صحافی کی مذکورہ ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں اور افواہوں کا ایک سیلاب آگیا جس کے بعد سابق وزیر داخلہ اور لیگی رہنما احسن اقبال نے بھی اپنے پیغام میں حکومت سے وضاحت کا مطالبہ کر ڈالا۔ احسن اقبال نے بی بی سی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ حکومت حقیقی صورتحال فوری طور پہ واضح کرے۔ احسن اقبال کی اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لکھاکہ حقیقی صورتحال یہ ہے کہ عمران خان، نواز شریف ہے اور نہ اس کی کابینہ میں آپ جیسے جعلی ارسطو۔ ہم نہ مودی سے خفیہ مذاکرات کریں گے اور نہ اسرائیل سے۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آپ کو پاکستان کی اتنی فکر ہوتی جتنی ظاہر کر رہے ہیں تو آج ہم ان حالات میں نہ ہوتے، اس لیے جعلی فکر نہ کریں، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وزیر اطلاعات کی اس ٹوئٹ پر احسن اقبال نے جواب الجواب میں کہا کہ جس انداز میں وزیر اطلاعات محض وضاحت مانگنے پر آگ بگولہ ہوئے، اس سے تو یہی لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ وزارت اطلاعات اور سول ایوی ایشن حکام نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان میں لنڈنگ سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔جھوٹی خبروں کی تردید سے متعلق بنائے گئے ٹویٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں سے متعلق کہا گیا ہے کہ یہ صحافتی اقدار کی خلاف ورزی اور یوم سیاہ کے موقع پر مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ملک دشمن عناصر کی کوشش ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد میں اسرائیلی طیارے کی لینڈنگ کی خبروں کی تردید کر دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت سمیت ملک کے کسی بھی ایئر پورٹ پر اسرائیلی طیارے نے لینڈ نہیں کیا۔ طیارے کے حوالے سے ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کے حوالے سے خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جس چیز کی کوئی حقیقت نہیں اس پرجواب دینا مناسب نہیں۔گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک خبر پھیلی جس میں کہاگیا کہ ایک اسرائیلی طیارے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اس پر آج صبح ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر نہیں آیا، اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد صرف افواہ ہے اور کچھ نہیں۔ سفارتکاروں کو تبدیل کیے جانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خواہش ہے کہ تجربہ کارسفارتکار تعینات کیے جائیں، جتنےلوگ تعینات تھےوہ سفیر نہیں، سیاسی طور پر تعینات تھے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv