تازہ تر ین

ملک ملک، شہر شہر زرداری کی کھربوں کی جائیدادیں ، برطانوی اخبار کا انکشاف

لندن (وجاہت علی خان سے) ”قومی احتساب بیورو“ کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری پر منی لانڈرنگ کے حالیہ الزام کے تناظر میں برطانیہ کے کثیر الاشاعت اخبار ”ڈیلی ٹیلیگراف“ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ آصف علی زرداری کی پاکستان، برطانیہ اور دُنیا کے کئی دیگر ممالک میں اربوں پاﺅنڈز کی جائیدادیں اور بنک اکاﺅنٹس موجود ہیں جو کھربوں پاکستانی روپے بنتے ہیں ایک حالیہ اشاعت میں تفصیلی رپورٹ دیتے ہوئے اخبار نے لکھا ہے کہ آصف زرداری کے والد کراچی میں ایک معمولی سینما کے مالک تھے لیکن آج برطانیہ، فرانس، امریکہ اور سپین میں آصف علی زرداری کی 876 ملین پاﺅنڈ اور پاکستان میں 175 ملین پاﺅنڈ کی جائیدادیں موجود ہیں، ٹیلی گراف کے مطابق زرداری نے زیادہ تر دولت اپنی اہلیہ بینظیر بھٹو کی پہلی اور دوسری وزارت عظمیٰ کے ادوار میں بنائی جب وہ مسٹر ٹین پرسنٹ کے طور پر مشہور ہوئے اس زمانے میں انہوں نے ملکی اور غیر ملکی بزنس پرسنز اور غیر ملکی کمپنیز سے بڑی رقوم کمیشن کے طور پر وصول کیں۔ اسی کرپشن کی وجہ سے ان پر کئی مقدمات بنے لیکن 5 اکتوبر 2007ءکو جنرل پرویز مشرف کے دور صدارت میں ہونے والے این آر او کے تحت زرداری سمیت 8 ہزار افراد پر موجود کرپشن چارجز، منی لانڈرنگ اور قتل تک کے الزام میں مقدمات ختم کر دیئے گئے لیکن پھر دو سال بعد 2009ءمیں سپریم کورٹ نے اس ”این آر او“ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مقدمات دوبارہ کھولنے کا اشارہ دیا اور آج سپریم کورٹ پھر ان مقدمات کا ازسرنو جائزہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے، اخبار لکھتا ہے کہ آصف زرداری اور ان کے دیگر ساتھی شکنجے میں آ رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں ان کارروائیوں کی وجہ سے سیاسی بحران شدت اختیار کرے گا، مذکورہ رپورٹ میں آصف زرداری اور بے نظیر بھٹو کے ماضی میں منسوب راک ووڈ اسٹیٹ المعروف سرے محل کا ذکر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ زرداری نے 350 ایکڑ جگہ پر سرے محل میں پولو گراﺅنڈ بنایا وہ ایک قریبی گاﺅں میں واقع انتہائی خوبصورت پب (شراب خانہ) بھی خریدنے کے خواہشمند تھے مگر اس کے مالک نے انکار کر دیا توآصف زرداری نے بالکل اسی ڈیزائن سے ملتا جلتا پب سرے محل کے تہہ خانے میں بنوا لیا انہوں نے سرے محل کی تزئین و آرائش پر بھی لاکھوں پاﺅنڈ خرچ کئے اسے صرف ایئرکنڈیشنڈ کروانے پر سات لاکھ پچاس ہزار پاﺅنڈ خرچ کئے انہوں نے اپنے ماسٹر بیڈ روم کو ڈرم کی طرز پر بنوایا۔ اس کی چھت ستاروں بھرے آسمان کی طرح لگتی تھی اس بیڈ روم کو بلٹ پروف بنوایا گیا اخبار کے مطابق سرے محل کے 30 کمرے اور11 بیڈ روم ہیں اس کے 5 باتتھ روم ایک بہت بڑا ہال، وسیع و عریض ڈائننگ روم پندرہ فٹ ٹیرس کے ساتھ ایک وسیع قطعہ زمین شامل ہے، اخبار لکھتا ہے کہ 1995ءسے لے کر اپنی موت تک بے نظیر بھٹو مسلسل سرے محل کی ملکیت سے انکار کرتی رہیں کہ نہ تو یہ ہماری ملکیت ہے اور نہ ہی آج تک میں نے اسے دیکھا ہے۔ لیکن پاکستان کے ریاستی اداروں کو یقین تھا کہ یہ پراپرٹی انہی کی ہے اور بینظیر و زرداری نے قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر غیر قانونی دولت سے اسے خریدا، آخر کار آصف زرداری نے 2004ءمیں تسلیم کر لیا کہ راک ووڈ اسٹیٹ محل ان کی ملکیت ہے چنانچہ اپنے اس اعتراف کے بعد 2005ءمیں انہوں نے سرے محل 4 ملین پاﺅنڈ میں فروخت کر دیا یہی سرے محل آج ایک دفعہ پھر برائے فروخت ہے جس کی متوقع قیمت 10 ملین پاﺅنڈ ہے۔ علاوہ ازیں2010ءمیں ٹیلی گراف اور دیگر برطانوی اخبارات میں یہ خبریں بھی شائع ہوئیں کہ آصف علی زرداری نے لندن کے مہنگے ترین علاقہ ون ہائیڈپارک میں بیش قیمت پینتھ ہاﺅس خریدا ہے جس کی قیمت ہوشربا حد تک 140 ملین پاﺅنڈ ہے اس میں چھ بیڈ روم، پینک روم، خصوصی ہوائی سروس، ایس اے ایس کے ٹرینڈ سکیورٹی گارڈز کے ساتھ بہت سی دیگر سہولتیں موجود ہیں یہ تمام پینتھ ہاﺅس بم پروف ہے اس میں 24 گھنٹے روم سروس ہے جو اس کی بغل میں واقع مینڈیرین ہوٹل سے انہیں مہیا کی جاتی ہے، آصف علی زرداری کی موجودہ دولت کا اندازہ چند سال قبل دو ارب ڈالر تھا لیکن آج اس میں خاصا اضافہ ہو چکا ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv