تازہ تر ین

عثمان ڈار ، سعد رفیق عابد شیر ، علیم خان کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں منظور

لاہور،کراچی (صباح نیوز، آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سعد رفیق، عابد شیر علی اور پی ٹی آئی کے عبدالعلیم خان کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں منظور کرلی گئی ہیں۔ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 131میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد خواجہ سعد رفیق کو انتہائی معمولی فرق کے ساتھ شکست دی، عمران خان نے 84313 ووٹ جب کہ خواجہ سعدرفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے۔عابد شیر علی کو این اے 108 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار عابد شیر علی کو پی ٹی آئی کے فرخ حبیب نے شکست دی۔ فرخ حبیب نے ایک لاکھ بارہ ہزار 740 ووٹ لیے جب کہ عابد شیر علی کے حصے میں ایک لاکھ گیارہ ہزار 529ووٹ آئے۔ این اے 129 سے تحریک انصاف کے علیم خان کو(ن)لیگ کے ایاز صادق نے شکست دی، ایاز صادق نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے جب کہ علیم خان کو 94 ہزار سے زائد ووٹ ملے۔ این اے 131 سے عمران خان سے شکست کھانے والے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے جمعہ کوانتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر محمد اختر بھنگو کو درخواست جمع کروا دی۔ سعد رفیق نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 131 میں پریزائیڈنگ افسر نے سیکڑوں ووٹ دانستہ مسترد کیے ۔سعد رفیق نے اپنی درخواست میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ این اے 131 کی گنتی دوبارہ کی جائے اور مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔ دوسری جانب این اے 108 فیصل آباد سے ہارنے والے عابد شیر علی کی دوبارہ گنتی کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ہے اور ریٹرننگ افسر نے صبح ساڑھے 8 بجے دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی این اے 129 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی گئی ہے اور ریٹرنگ افسر نے آج ہفتہ کی صبح 10 بجے ایاز صادق کو طلب کرلیا ہے۔علیم خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 129 کے انتخابی نتائج حقائق کے برعکس دیئے گئے، بیلٹ پیپرز کی گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے قومی سمبلی کے حلقے این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی۔این اے 249 کراچی سے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واڈا سے ہار گئے تھے۔ تحریک انصاف کے فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور شہباز شریف نے اس حلقے پر 34626 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ شہباز شریف نے 600 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہارنے پر این اے 249 کراچی سے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے ریٹرنگ افسر نے مسترد کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے اور دوبارہ گنتی تک نتیجے کا اعلان روکنے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے سے ساڑھے 3000 ووٹ منسوخ کیے گئے اور جن حلقوں سے ہمارے پولنگ ایجنٹ نکالے گئے ان کے نتائج مشکوک ہیں۔یاد رہے کہ شہباز شریف نے ملک بھر میں 4 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن انہیں سوات، ڈیرہ غازی خان اور کراچی سے شکست ہوئی اور وہ صرف لاہور سے جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ تحریک انصاف کے رہنماں علیم خان، ذوالفقار شاہ اور عاطف خان نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دے دی۔ جمعہ کو علیم خان نے پی پی 162 لاہور، ذوالفقار شاہ نے این اے 100 چنیوٹ، عاطف خان نے این اے 21 مردان سے ریٹرننگ افسران کو درخواستیں جمع کروائی ہیں۔چنیوٹ کے حلقہ قومی اسمبلی این اے 100 سے ن لیگ کے قیصر شیخ کامیاب قرار پائے ہیں جس کے خلاف تحریک انصاف کے ذوالفقار شاہ نے دوبارہ گنتی کیلئے درخواست جمع کروا دی۔ دوسری جانب این اے 21 مردان سے اے این پی کے امیر حیدر ہوتی فتح یاب ہوئے ہیں، ان کی جیت کے خلاف عاطف خان نے درخواست دی ہے جبکہ لاہور کی صوبائی اسمبلی کی نشست سے یاسین سوسل کامیاب ہوئے ہیں جن کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے ریٹرننگ افسر کو درخواست جمع کروا دی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv