تازہ تر ین

نواز ، زرداری پاکستان کے میر جعفر ، میر صادق

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان وہ ملک بن سکتا ہے جو علامہ ا قبال کا خواب تھا۔ یہ وہ پاکستان نہیں ہے جس کےلئے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے جدوجہد کی۔ کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نفرت کی سیاست نے کراچی کو تباہ کر دیا۔ ادارے مضبوط نہیں کرینگے تو کراچی اور پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ سندھ میں نیب کچھ کرتی ہے تو آصف علی زرداری کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے۔ پنجاب میں نیب کچھ کرتی ہے تو نواز شریف کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے۔ نیب نے مجھ پر ہیلی کاپٹر کا کیس کیا میں نے خوش آمدید کہا ہے۔ 30 سال سے ایک شخص لندن میں بیٹھا ہے اور مہاجروں کی بات کرتا ہے۔ خود لندن چلے گئے اور احساس محرومی کو اپنی ذات کے لئے استعمال کیا۔ اندرون سندھ آج غربت کی انتہا ہے اورتعلیم کا برا حال ہے۔ تھرپارکر میں کھانا نہ ملنے سے بچے مر رہے ہیں۔ کراچی میں گندے نالے ہیں جھگیوں کے بچے اس میں کھیلتے ہیں۔ انسانوں پر جس قسم کا ظلم ہو رہا ہے اس طرح معاشرے ترقی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ چند امیروں کی وجہ سے معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر پاتا۔ چین نے 30 سال میں 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔ غریبوں کو اوپر لاتے ہیں تو ملک آگے بڑھتا ہے اور ترقی کرتا ہے۔ سب سے پہلے پاکستان سے کینسر کی دیمک کو ختم کرنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف برادران کہہ بیٹھے ہیں کہ ملک سے کرپشن کو روکا تو ترقی رک جائے گی۔ ہم مقروض ہیں اور پاکستان سے 8ارب ڈالر دبئی جا رہا ہے۔ پچھلے چار سالوں میں پاکستانیوں نے 800 ارب روپے کی پراپرٹی لی ہے۔ کیا اسحاق ڈار، نواز شریف ا ور آصف زرداری کیوں کچھ نہیں کر سکے کیونکہ ان کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے۔ خود منی لانڈرنگ کرنیوالے اسے کیسے روک سکتے ہیں۔ میں حکومت میں آنے کے بعد ثابت کروں گا کہ منی لانڈرنگ رکتی ہے۔ چوری کا پیسہ بیرون ملک سے واپس لیکر آئینگے اور اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا جہاں شیخ چھٹیاں منانے آتے تھے، انٹرنیشنل شہر تھا جہاں رات کو نکلتے ہوئے کسی کو ڈر نہیں لگتا تھا۔ آصف زرداری اور نواز شریف نے ہمارے اداروں کو تباہ کیا اور پاکستان کا دیوالیہ نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ لینڈ اور پانی کا مافیا کراچی کو ٹھیک نہیں ہونے دیتا۔ آج کراچی کے حالات یہ ہیں کہ میئر کہتا ہے میرے پاس اختیارات نہیں ہیں 70 فیصد ریونیو کما کر دینے والے شہر میں پانی نہیں ہے۔ ایسا میئر لائیں گے جو کراچی کو ایڈمنسٹریشن دیگا۔ عمران خان نے جلسے میں کراچی کے لئے 10 نکاتی ایجنڈا بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلا نکتہ کراچی انتظامیہ کا سسٹم بدلا جائیگا۔ دوسرا نکتہ سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم کے نظام کو بہتر بنایا جائیگا۔ صحت کا نظام بہتر بنایا جائیگا۔ کراچی میں پولیس کا نظام ٹھیک کیا جائیگا۔ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کیساتھ ملک میں سستی بجلی لائی جائے گی اور بجلی چوری کو مکمل روک کر دکھایا جائیگا۔ عمران خان نے سابق وزیراعظم کے ایک انٹرویو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوازشریف کو ممبئی حملوں کا علم تھا تو انہوں نے ایکشن کیوں نہیں لیا۔ نوازشریف اور آصف زرداری پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق ہیں جو اپنے ذاتی مفاد کے لئے ملک کو تباہ و غلام بنا سکتے ہیں۔ غریب عوام کا اربوں روپیہ چوری کرنیوالوں کی وفاداری اس روپے سے ہے پاکستان سے نہیں اگر کسی کو شک تھا تو نوازشریف کے بیان نے ثابت کردیا۔ عالمی طور پر پاکستانی فوج کیخلاف سازش کی جارہی ہے کہ فوج کو کمزور کیا جائے۔ فوج کے ماضی کے غلط فیصلوں پر میں نے مخالفت کی تھی کہ فوج کو قبائلی علاقوں میں نہیں جانا چاہئے کیونکہ جب فوج سویلین میں جائیگی تو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ کونسا ملک اپنی عوام کیخلاف فوج بھیجتا ہے۔ مجھے طالبان خان کہنے والے آج اسی پشتون موومنٹ کو سپورٹ کررہے ہیں۔ میں فوج کو حکم دینے والے کیخلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنے 300 ارب بچانے کےلئے عالمی دباﺅ پاکستان پر ڈلوانا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ پر حملہ کیا جارہا ہے۔ فوج کو گالیاں دی جارہی ہیں۔ نوازشریف سے دو سوال پوچھے گئے کہ پیسہ کہاں سے آیا اور ملک سے باہر کیسے گیا۔ مگر نوازشریف کی اصلیت آگئی ہے۔ نوازشریف نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں۔ ہماری فوج کیخلاف جو مودی کہتا ہے وہی نوازشریف کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے 5 سال حکومت کی‘ بینظیر کے قاتلوں کو پکڑنا کیا ان کی ذمہ داری نہیں تھی مگر ان کے صرف ذاتی مفادات ہیں۔ عمران خان نے عوام سے مزید کہا کہ میں خواب دیکھ رہا ہوں ہرے پاسپورٹ کی دنیا ایک دن عزت کریگی اور بیرون ملک سے لوگ پاکستان میں تعلیم اور نوکریوں کے لئے آئیں گے اور ہندوستان جیسے غریب ملک کو ہم ان کے غریب لوگوں کے لئے پیسے دیا کرینگے یہ دن جلد آئیگا۔ عمران خان نے 10 نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1۔ پانی کا مسئلہ ،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب میں پانی نہیں ہے جس کی دو وجوہات ہیں، ایک تو منصوبہ بندی نہیں ہوئی اور دوسرا یہاں پر مافیا بیٹھے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جب تک اوپر کی لیڈرشپ کی انہیں پشت پناہی نہ ہو وہ کام ہی نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا انتظام بدلیں گے، میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے، تحریک انصاف میئر کے لیے ایسا آدمی لائے گی جسے ایڈمنسٹریشن کا تجربہ حاصل ہوگا، اس کے ساتھ پوری ٹیم ہوگئی جو ماہرین پر مشتمل ہوگی، اسے اختیارات دیں گے وہ کراچی کی ذمہ داری لے گا۔عمران خان کے مطابق آج کراچی کا میئر کہتا ہے کہ اس کے پاس ذمہ داری تو ہے لیکن اختیارات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہوئے لیکن صوبوں نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں دیے۔ 2- نظامِ تعلیم کی بہتری، عمران خان نے کراچی کے لیے اپنے دوسرے پوائنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر میں نظام تعلیم کو بہتر کریں گے، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائیں گے تاکہ غریب کے بچوں کو بھی بہترین تعلیم ملے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ کراچی میں عالمی معیار کی یونیورسٹیاں تعمیر کریں گے۔ 3- صحت، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ کراچی میں صحت کا نظام بھی بہتر کریں گے اور سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کیے ہیں اور انہیں عالمی معیار کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔ 4-پولیس، عمران خان نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، الیکشن جیتنے کے بعد کراچی کی پولیس کو ٹھیک کریں گے جس کے بعد یہاں رینجرز کی ضرورت نہیں پڑے گی، پولیس سے ہی کام کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس ماوررائے عدالت قتل میں ملوث ہے، انہوں نے راو¿ انوار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو یہ بتائیں کہ راو¿ انوار نے کس کے کہنے پر 440 افراد کو قتل کیا۔عمران خان نے کہا کہ کراچی کی پولیس کا غیر سیاسی ہونا بہت ضروری ہے تاکہ راو¿ انوار جیسے لوگوں کو سزا ملے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’بے بی بلاول کہتا ہے کہ عمران خان کو ووٹ نہ دینا، خیبر پختونخوا میں کسی پر سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا، بلاول بیٹا ذرا پختونخوا میں چیک کرو کتنے مخالفین کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی ہے؟‘ عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس ہماری نوکر نہیں ،آزاد پولیس ہے ، سیاسی مداخلت نہ ہو تو پولیس بہتر کام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ راو¿ انوار اور عابد باکسر جیسے افسران نے بے شمار قتل کیے ہیں اور حکمران ان کی تعریف کر رہے ہوتے ہیں۔ 5- بزنس، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں بزنس کے لیے بہترین ماحول قائم کریں گے، پوری دنیا سے سرمایہ کاری لائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شیڈو وزیر خزانہ اسد عمر اس سلسلے میں بہت کام کررہے ہیں۔ 6- بجلی، عمران خان نے کہا کہ کراچی سے بجلی کے بحران کا خاتمہ کرنے کے لیے ایک پلان دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اس سے سروکار نہیں کہ کے الیکٹرک کا کیا مسئلہ ہے، انہیں بجلی چاہیے جو فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 7- نوجوان، عمران خان نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، ان کے لیے نئے کھیلوں کے میدان بنائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ماضی میں کراچی نے ہر شعبے میں بہت سے اسٹارز پیدا کیے ہیں لیکن اب یہ سلسلہ رک گیا ہے کیوں کہ اب نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان اور دیگر سہولتیں موجود نہیں ہیں۔ 8- ماحولیات، عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد ماحولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، شہروں میں منصوبہ بندی سے درخت اگائیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں گندگی ہے ، درخت کم ہوگئے ہیں ، یہاں پر درخت لگائیں گے۔ 9- ٹرانسپورٹ، عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لیے سرکلر ریلوے بہت ضروری ہے، ہم حکومت میں آکر اس کا پلان دیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر صحیح معنوں میں میٹرو ٹرین کی ضرورت ہے تو وہ کراچی میں ہے۔ 10- بے روزگاری، کراچی کے لیے 10 واں نکتہ بیان کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے سینٹرز بنائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ بے روزگاری معاشرے پر بڑا ظلم ہے ہم اقتدار میں آکر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، کاروبار میں ان کی مدد کریں گے اور انہیں آسان قرضے فراہم کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی کے لوگ سب سے زیادہ شعور رکھتے ہیں، کراچی وہ شہر تھاجہاں کے لوگ ناانصافی کے خلاف سب سے پہلے کھڑے ہوتے تھے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’سارے پاکستان کے لوگ اس شہر میں بستے ہیں، کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’جب کراچی کو چھینک آتی ہے تو پاکستان کو ٹھنڈ لگ جاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ بڑی سوچ رکھے اور بڑے خواب دیکھیں۔عمران خان نے کہا کہ ’ایک شخص 30 سال سے برطانیہ میں بیٹھا ہے اور کہتا ہے کہ اسے مہاجروں کی فکر ہے، اسے مہاجروں کی فکر کیا ہوگی‘۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک پارٹی جس کے رہنماو¿ں کے اربوں روپے ملک سے باہر ہیں وہ کہتی ہے سندھ کی حالت بہتر کرے گی، سندھ میں پانی نہیں ہے ، بچے بھوک سے مر رہے ہیں، اندرون سندھ دنیا کا سب سے غریب علاقہ بن چکا ہے‘۔عمران خان نے کہا کہ سندھ میں غریب رو رہا ہے، ان کا کوئی حال نہیں لیکن یہ دبئی میں محلات بنا رہے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، پاکستان میں سب سے پہلے کرپشن ختم کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے کرپٹ افسران کو سزا دی اور جیل میں ڈالا، دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک چین کرپشن پر سزائے موت دیتا ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ میں 12 مئی کے شہیدوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، 12 مئی ایسا سانحہ تھا جو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا‘۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ’اگر کسی کو شک ہے تو وہ کراچی کا نیا چہرہ یہاں دیکھے، کراچی اور سندھ پر دو جماعتوں نے کئی دہائیوں سے حکومت کی‘۔انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آج جلسے میں بلاول بھٹو زرداری انصاف مانگ رہے تھے، بلاول بھٹو، صدر، وزیر اعظم اور حکومت آپک ی تھی، آپ انصاف مانگ رہے ہو‘۔خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں حکیم سعید گراو¿نڈ پر جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم پیپلز پارٹی نے بھی 12 مئی کو ہی حکیم سعید گراو¿نڈ پر جلسے کا اعلان کردیا تھا۔پی ٹی آئی نے حکیم سعید گراو¿نڈ پر کیمپ بھی لگالیے تھے اور جلسے کی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں تاہم پیپلز پارٹی نے مو¿قف اپنایا تھا کہ اس نے جلسے کی باضابطہ اجازت لی ہے اور پی ٹی آئی نے کوئی اجازت نہیں لی۔8 مئی کو حکیم سعید گراو¿نڈ پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا تھا، متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس صورتحال سے کراچی کے شہریوں میں ایک بار پھر شہر کے امن کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ بعد ازاں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی دونوں نے ہی حکیم سعید گراو¿نڈ میں جلسہ نہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv