تازہ تر ین

شریف فیملی ادارے تباہ کر دیگی ،پنجاب اسمبلی سے منظور قرارداد قابل مذمت ،جمہوریت میں تا حیات قائد نہیں ہوتا

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی جانب سے نیب کے اختیارات پر قدغن لگانے کے مطالبے پر مبنی قرارداد منظور کرنے کی سارا پاکستان مذمت کرتا ہے ، پوری قوم سپریم کورٹ اور نیب کے ساتھ کھڑی ہے، (ن) لیگ قومی اسمبلی سے یہ قانون کیوں نہیں بنوا لیتی کہ انہیں حکومت میں آنے کے بعد چوری کرنے اور ملک لوٹنے کی اجازت ہے ،یہ ملک کے ساتھ کیا مذاق ہو رہا ہے ،چین کی ایس ای سی پی کو شریف برادران کی جانب سے کک بیکس لینے کا بیان دینے پر فیصل سبحان کو غائب کر دیا گیا ہے اور مافیا ایسی حرکت کرتا ہے، شہباز شریف نے ناکام منصوبوں او راپنی تشہیر کے لئے 40ارب روپے خرچ کئے، اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے یہ پیسہ نکلوائیں گے ،جمہوریت میں تاحیات قائد نہیں بن سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین ، قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ، چوہدری محمد سرور اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں نیب کے حوالے سے قرارداد کی منظور مافیا ہونے کا ثبوت ہے۔ کوئی بھی ادارہ جو خلاف ضابطہ اقدامات اٹھانے پر ان کے خلاف کام کرتا ہے تو یہ اس پر حملہ کر دیتے ہیں۔ (ن) لیگ والے سپریم کورٹ، نیب اور فوج پر حملہ آور ہیں ۔ نیب نے مغل اعظم بھائیوں کو کرپشن کی تحقیقات کے لئے بلا کران کی بڑی توہین کی ہے۔ پنجاب اسمبلی سے قرارداد کی منطوری کی پورا پاکستان مذمت کرتا ہے، کیا یہ قانون سے بالا تر ہیں کہ انہیں کوئی پوچھ نہیں سکتا۔ شہباز شریف نے نوسالوں میں نو ہزار ارب روپے خرچ کئے ہیں یہ عوام کو جوابدہ ہیں کہ یہ پیسہ کہاں گیا ۔ اس سے کیا ہسپتال بنائے گئے ، یونیورسٹیز بنیں، عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا اگر پولیس کا نظام ٹھیک کیا گیا ہے تو امن و امان کی صورتحال میں کتنی بہتری آئی ہے ۔ سارا پیسہ میگا پراجیکٹس پر لگایا گیا ہے جس میں سے انہیں کیک بیکس ملی ہیں۔ احد چیمہ جیسے لوگ ان کے فرنٹ مین ہیں ، فیصل سبحان ان کا دبئی میں فرنٹ مین تھا جس نے چائنہ کی ایس ای سی پی میں بیان دیا کہ شریف برادران کو کک بیکس ملتی تھیں ۔ انہوںنے کہا کہ نیب کو مطمئن ہونا چاہیے پورا پاکستان سپریم کورٹ اور نیب کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے فیصل سبحان نے بیان دیا ہے تب سے غائب ہوگیا ہے اوروہ پاکستان کا شہری ہے اس کا قصور یہ ہے کہ اس نے ان کا نام لیا ہے ۔ مافیا ز ایسی حرکتیں کرتے ہیں جو لوگ ثبوت دیتے ہیں انہیںغائب کر دیتے ہیں ۔ندیم ضیاءکو ملک سے باہر بھجوا دیا ہے او ریہ بھی فرنٹ مین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پشاور میں سٹیٹ آف دی آرٹ شوکت خانم ہسپتال بنایا ہے جس پر چار ارب روپے لاگت آئی ہے جبکہ یہاں پر ایک بستر پر چار چار لوگ پڑے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف نے نو سالوں میں نو ہزار ارب روپے خر چ کیا جس میں چالیس ارب روپے نندی پور جیسے ناکام منصوبوں او راپنی تشہیر پر خرچ کیا گیا۔ ہم اقتدارمیں آکر سب سے پہلے چالیس ارب روپے نکلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں او رپل بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے بلکہ اس کےلئے اداروں کو مضبوط کرنا پڑتا ہے، حکمرانوں نے اداروں کو تباہ کر دیا ہے، یہ سپریم کورٹ اور نیب کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کی جانب سے نواز شریف کو تاحیات قائد منتخب کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ کیا (ن) لیگ والوں کو اچھے برے کی تمیز ہے۔ 300ارب روپے لوٹ کر بیرون ملک لے جانے والے سے کوئی پوچھنا والا ہے بلکہ اسے تاحیات قائد بنا دیا گیا۔ (ن) لیگ کو عوام کی کوئی فکر ہے، لوٹا گیا 300ارب روپے عمران خان یا پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ عوام کا تھا ۔ بیرون ممالک میں پارٹیاں کرپشن کرنے پر اپنے صدور اور وزرائے اعظم سے پوچھتی ہیں۔ (ن) لیگ کے لوگ کیا بھیڑ بکریاں او ردرباری ہیں؟۔ جمہوریت میں تو تاحیات قائد بنایا ہی نہیں جا سکتا۔ (ن) کو ان سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ 300ارب لوٹ کربیرون ملک لے جانے پر جواب دیں۔ انہوں نے شہباز شریف کی جانب سے انکے الزامات پر چیف جسٹس سے بنچ بنانے کے مطالبے پر کہا کہ میں پہلے ان سے پوچھتا ہوں کہ فیصل سبحان جس نے چین کی ایس ای سی پی کو انٹر ویو دیا کہ شریف خاندان کک بیکس لیتا ہے اور ثبوتوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔ عابد باکسر جس نے خود کہا کہ میں شہباز شریف کے کہنے پر ماورائے عدالت قتل کرتا رہا او راسے اپنی جان بچانے کےلئے یہاں سے فرار ہونا پڑا، ان کے ڈر کی وجہ سے کوئی گواہ سامنے نہیں آتا اور یہ بڑھکیں مار رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں نیب کے خلاف قرار داد کی مذمت کرتے ہیں، سارا پاکستان نیب اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہے،(ن)لیگ ایسا قانون لے آئے جو شریف خاندان کو چوری کی اجازت دے، نیب نے مغل اعظم کو بلا کر توہین کر دی ہے، عوام کے 300ارب چوری کرنے والے کو تاحیات پارٹی قائدبنادیا گیا ہے، ایسا دنیا کی کسی جمہوریت میں نہیں ہوتا، (ن)لیگ کی حکومت ملک کے تمام ادارے تباہ کر دے گی، جب تک ملکی ادارے مضبوط نہ ہوں ملک ترقی نہیں کرتا۔بدھ کو عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے نیب کے خلاف قرار داد پاس کی، حکمران مافیاپن کا ثبوت دے رہے ہیں، کیا نیب نے مغل اعظم کو بلا کر جرم کردیا؟نیب کے خلاف قرار داد کی مذمت کرتے ہیں،9سال میں شہباز شریف نے 9ہزار ارب روپے خرچ کر دیئے، پورا پاکستان نیب اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہے، شہباز شریف نے احد چیمہ کو فرنٹ مین بنایا ہوا تھا، پاکستانی قوم کا300ارب روپیہ چوری ہوا ہے جس کا جوابدہ ہیں شریف خاندان، ادارے مضبوط ہونے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا، فیصل سبخان کا چین کی ایس ای سی پی نے نام دیا ہے، مسلم لیگ (ن)”شریف مافیا“ بن چکا ہے، ایسی حرکتیں مافیا کرتا ہے سیاستدان نہیں، میگاپراجیکٹس پر کک بیکس لینے کےلئے پیسہ لگایا گیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ثبوتوں کے باوجود نیب کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے۔ بدھ کو بنی گالہ میں تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف نیب کی جانب سے پی ٹی آئی درخواست پر پیش رفت نہ ہونے پر عمران خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کے خلاف نا قابل تردید ثبوت ریکارڈ پر لا چکے ہیں تاہم منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ثبوتوں کے باوجود نیب کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے، نیب کو منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات فراہم کرنے کو تیار ہیں،کارروائی کیوں نہیں ہو رہی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv