تازہ تر ین
imran khan and siraj ul haq.jpg

سراج الحق نے عمران خان کی مخالفت کردی لیکن کیوں؟, دیکھئے خبر

لاہور (وقائع نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کسی ایک جماعت کی خواہش پر قبل ازوقت انتخابات نہیں ہو سکتے، قبل از وقت انتخابات کرائے گئے کہ موجودہ حکمران جماعت کو سیاسی شہید بننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ برمامیں مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی کے خلاف حکومت پاکستان سمیت 56 اسلامی ممالک کو برما کے سفیروں کو نکال دینا چاہیے۔ ایک نا اہل شخص جو آئین کی 62، 63 پر پورا نہیں اترتا اسے سیاسی جماعت کا سربراہ بنانا سپریم کورٹ کے فیصلوں پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ میں جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، اسد اللہ بھٹو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لئے حکومت نے پارلیمنٹ کے اندر کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن اس حوالے سے سینٹ میں جو بل منظور کیا گیا ہے اس نے انتخابی اصلاحات کو مشکوک بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا شخص جو آئین کی دفعہ کی 62، 63 پر پورا نہیں اترتا اور اسے سپریم کورٹ نا اہل قرار دے چکی ہے اسے سیاسی جماعت کا سربراہ بنانا سپریم کورٹ کے فیصلوں پر شب خون مارنے کے مترادف ہو گا، ایسا بل فی الفور واپس ہونا چاہیے۔ جمہوری اور مہذب معاشروں میں حق کے فیصلہ پر مٹھائیاں تقیم کی جاتی ہیں جبکہ ایسے بلوں کی منظوری پر احتجاج کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک نا اہل فرد کیلئے ترمیم بادشاہت میں ممکن ہے جمہوریت میں نہیں۔ سرحد پار سے فائرنگ کر کے لیفٹیننٹ ارسلان کو شہید کرنے پر انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی جانب سے بھارت کو جواب نہیں مل رہا اور وہ ہمیں مسلسل حملہ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی پالیسی کو واضح کرنا چاہیے کہ دشمن کے ساتھ دوستی اور تجارت کی پالیسی اپنائی نہیں جا سکتی۔ بھارت کشمیر سے بھی نکلنے کیلئے تیار نہیں اور نہتے کشمیریوں کو مسلسل ظلم و ستم کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ شہید کر رہا ہے۔ ایسی حکومت کے ساتھ تعلقات قائم نہیں رکھے جانے چاہیئں۔ روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں پاکستان کو ترکی کی طرح کردار ادا کرتے ہوئے امت مسلمہ کی امامت کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان سمیت 56 اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ اپنے ممالک سے برما کے سفیروں کو نکال دیں۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابی اصلاحات سے متعلق جو ترامیم دیں وہ پوری انتخابی اصلاحات کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ درست نہیں ہے ۔ الیکشن ایک پارٹی نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی مرضی کے مطابق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قبل از وقت انتخابات ہوئے تو اسے حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو سیاسی شہادتوں کا موقع ملے گا اور موجودہ حکمرانوں کو یہ کہنے کا موقع ملے گا کہ انہیں اپنی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی ورنہ وہ آسمان سے تارے توڑلاتے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔ ہماری خواہش ہے کہ ن لیگ کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں جائے، پھر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv