تازہ تر ین

پاک فوج کے تازہ دم دستے اہم شہر میں پہنچ گئے

کراچی (اے این این) شہر قائد میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 3 بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو دفاتر اور کام پر جانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ خراب موسم کے باعث کراچی سے شیڈول متعدد پروازیں بھی منسوخ ہوگئی ہیں اور اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔کراچی میں کے الیکٹرک اور بلدیہ عظمی کی جانب سے ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے جاسکے۔ بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ لیاری ، نارتھ کراچی اور بلدیہ ٹاون میں 3 کمسن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلدیہ ٹان میں محمد عظیم ، لیاری میں جاوید احمد ، اورنگی ٹان میں نصیر اور پرانی سبزی منڈی میں یسین نامی شخص جاں بحق ۔کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون چشتی نگر میں بجلی کی تار گرنے سے ساجد نامی شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ پیپلز چورنگی پر 8 سالہ بچہ برساتی نالے میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا ۔ اسی طرح کراچی کے دوسرے علاقوں میں بھی بارش سے مزید3افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ شدید بارشوں کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوگئی ہے۔ کینٹ اسٹیشن پر پانی جمع ہوگیا جبکہ ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ بارش میں کے الیکٹرک کے 79 فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں جبکہ پی ایم ٹیز و کیبل خراب ہونے اور تاریں ٹوٹنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہوگئی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں آج ٹریفک بھی معمول سے بہت کم ہے ۔ اورنگی نالے کے اطراف انتہائی خراب صورتحال کا سامنا ہے جہاں 4 سے 5 فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔نیشنل ہائی وے، شارع فیصل، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ، شاہراہِ قائدین، ایم اے جناح روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث گاڑیاں بند ہوگئی ہیں۔ شہر میں انتظامیہ اور حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی۔ موسلا دھار بارش کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور شہری گھروں تک محدود ہوگئے ہیں، جب کہ دفاتر جانے والے بیشتر شہریوں نے آج چھٹی کرلی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید نے بتایا کہ شہر میں سب سے ذیادہ بارش نارتھ کراچی میں 97 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ پاک فوج، نیوی کے جوانوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں امدادی کام شروع کر دیا ہے نیوی کے اہلکار بھی گھروں میں پھنسے لوگوں کو محفوط مقام پر منتقل کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پاک فضائیہ نے 2 ہیلی کاپٹر اور ایک سی 130 طیارہ امدادی کاموں کیلئے سندھ حکومت کے حوالے کردیا ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ فوری حل نہیں ہو سکتا ‘ کراچی کو نیا سیوریج سسٹم درکار ہے ‘ سندھ حکومت سے بالکل ناامیدہو چکے ہیں ‘ ہائی ٹائیڈ کی وجہ سے سمندر کا پانی واپس آ رہا ہے ‘ کراچی میں پانی کی نکاسی کیلئے صرف9 پمپ ہیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ کچرا نالوں میں نہ جانے دیں۔ سندھ حکومت نے مسئلے کے حل کیلئے کوئی توجہ نہیں دی۔ بارش کے باعث ٹرانسپورٹرز نے کراچی سے اندرون ملک جانے والی بس سروس بند کر دی‘ ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں ‘ بسیں روڈ پر نہیں لا سکتے ‘ شاہراہوں سے پانی ختم ہونے کے بعد بس سروس بحال کر دیں گے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواﺅںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباداور راولپنڈی سمیت چکوال،جہلم،ساہیوال،زیریں سندھ ، ہزارہ، پشاور ڈویژن، بارکھان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش جھنگ میں 79 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ساہیوال،ملتان، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپور، ڈی جی خان ،زیریں سندھ ، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، قلات، سبی، نصیر آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور خشک رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے الزام تراشی سے گریز کیا جائے، منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنائیں، سندھ حکومت اور بلدیاتی ادارے مل کر شہر کو بارش کے نقصانات سے بچائیں۔ جمعرات کو بلاول بھٹو نے سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنائیں، سندھ حکومت اور بلدیاتی ادارے مل کر بارش کے نقصانات سے بچائیں۔ وزرائ، چیئرمین اور دیگر بلدیاتی نمائندے ایک ٹیم بن کر عوام کی مدد کریں، یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے اور الزام تراشی سے گریز کیا جائے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv