تازہ تر ین
shahbaz-sharif

شہباز شریف نے مشرف کا وزیراعظم بننے کی پیشکش کیوں مسترد کی؟

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے پیر کے روز بتایا کہ جنرل مشرف نے نواز شریف کی حکومت ختم کرنے کے بعد میاں شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی جو شہباز شریف نے مسترد کردی تھی اور جیل جانا پسند کیا تھا۔ اب جو لوگ شریف خاندان میں اختلافات کی باتیں کررہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف کو اپنے والد کی جگہ سمجھتے ہیں۔ لہٰذا پارٹی میں تقسیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں چکوال پریس کلب کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ ن اداروں کے درمیان ٹکراﺅ پر یقین نہیں رکھتی۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے قانونی مشیران سے اپنے خلاف الزامات کے بھرپور دفاع کا فیصلہ کیا ہے۔ لہٰذا نیب کو بھی کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اور سپریم کورٹ میں نواز شریف کی نظرثانی درخواست کا فیصلہ آنے تک انتظار کرنا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ فوج جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور اس وقت سی پیک کے علاوہ بجلی کی لو ڈشیڈنگ کے خاتمے کے بڑے منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ لہٰذا اپوزیشن جماعتوں کو واویلا کرنے کی بجائے آئینی اصلاحات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والے انتخابات شفاف ترین ہو سکیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تمام تر خدشات کے باوجود جمہوریت آگے بڑھے گی کیونکہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv