تازہ تر ین
Ch-Shujaat-Hussain

عدلیہ اور فوجی اداروں کو متنازعہ بنانا ملک دشمنی ہے

لاہور، اسلام آباد (نمائندگان خبریں)چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عدلیہ اور فوجی اداروں کو متنازعہ بنانا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے، پاکستان مسلم لیگ کو فعال اور مضبوط بنانا ہر مسلم لیگی کا فرض ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ ضلع جہلم کے پارٹی رہنماﺅں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں چودھری وجاہت حسین، سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، چیف آرگنائزر محمد بشارت راجہ اور امتیاز رانجھا کے علاوہ سابق ضلع ناظم جہلم چودھری فرخ الطاف، سابق تحصیل ناظم عابد جوتانہ، ٹکٹ ہولڈر عارف چودھری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پارٹی کو مزید مضبوط و مقبول بنانے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے اجلاس میں بتایا کہ چودھری پرویزالٰہی جلد ضلع جہلم کا تنظیمی دورہ کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے قائدین نے مزید کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس نے انہیں بدحال کیا اور ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا، وہ عدلیہ اور فوجی اداروں کو متنازعہ بنانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے، عوام کو یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ کون ان کے ساتھ مخلص ہے، کس نے ان کی نیک نیتی اور دیانتداری سے خدمت کی، ان کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے ایسے تاریخی اور نتیجہ خیز کام کیے جو ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سچا پاکستانی مضبوط اور خوشحال پاکستان چاہتا ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماﺅں کو ہدایت کی کہ وہ ہر سطح پر پارٹی کو متحرک اور فعال بنائیں، عوام اور کارکنوں سے رابطے بڑھائیں کیونکہ اپنے ڈراموں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے اور ان کا مینڈیٹ چوری کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں اور عوام باالخصوص عام و غریب آدمی، کسان اور محنت کش ان سے بیزار ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv