تازہ تر ین
pak india

شاہین فتح کی نئی داستان لکھنے کو تیار

لندن (خصوصی رپورٹ)قومی ٹیم شیکسپیئر کے شہر میں فتح کی نئی داستان لکھنے کو تیار ہے ،کل لندن میں روایتی حریف بھارت کیخلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فیصلہ کن معرکے کیلئے شاہینوں کی تربیتی پروازیں شروع ہوگئیں جبکہ کمر کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ با لر عامر بھی فٹ ہوگئے جنہوں نے نیٹس میں بھر پور بالنگ کی ،عماد وسیم اور حسن علی کے پٹھوں کا کھچا دور ہوگیا جنہوں نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ فٹنس ڈرلز کیساتھ تینوں شعبوں میں جان ماری ،ادھر بھارتی بیٹنگ لائن کو مدنظر رکھ کر بالنگ اٹیک پر مشاورت کی جارہی ہے جہاں شاداب خان اور رومان رئیس کی جگہ فہیم اشرف اور عامر کی واپسی کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کل روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلاجائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا ۔ سیمی فائنل مرحلے میں پاکستان نے ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ جبکہ دفاعی چیمپئن بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔ یاد رہے کہ ایونٹ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی ،ادھر کمر کی تکلیف کے باعث سیمی فائنل میچ میں شرکت نہ کرنیوالے قومی فاسٹ با لر عامر مکمل طور پر فٹ ہوگئے جو فیصلہ کن میچ کیلئے دستیاب ہونگے ،انہوں نے گزشتہ روز قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اور نیٹس میں پوری رفتارکیساتھ با لنگ کرتے نظر آئے ،گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم نے اوول کرکٹ سٹیڈیم میں تین گھنٹے تک بھر پور پریکٹس کی،پٹھوں کے کچھا کا شکار عما د وسیم اور حسن علی بھی ان ایکشن ہوئے جنہوں نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ لہو گرمانے کیلئے رننگ کی اور پھر فٹنس ڈرلزاور فیلڈنگ پریکٹس کے بعد نیٹس میں بالنگ اور بیٹنگ کی خامیوں کو دور کیا ۔کوچز نے بلے بازوں پر توجہ مرکوز رکھی اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اوپننگ بلے باز فخرزمان کو پیچھے گرنے والی گیند سے نمٹنے کیلئے ہک اور پل شاٹ کھیلنے کے طریقے بتاتے رہے ،اس دوران حفیظ بھی ٹپس لیتے نظر آئے ،پریکٹس سیشن کے دوران کوچ اور کپتان میں حتمی الیون کے انتخاب پر مشاور ت بھی جاری رہی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سپنر ز کیخلاف اچھا کھیلنے کی صلاحیت رکھنے والی بھارتی بیٹنگ لائن کو دیکھتے ہوئے اس میچ میں شاداب خان کی جگہ آل رانڈر فہیم اشرف کو میدان میں اتارا جائے گا جبکہ عامر کی جگہ سیمی فائنل کھیلنے والے رومان رئیس بھی بینچ پر بیٹھیں گے ،ذرائع کے مطابق پاکستان اس بار فاسٹ با لرز سے بھر پور اٹیک کرنا چاہتا ہے کیونکہ گزشتہ میچ میں عماد وسیم اور شاداب خان بھارتی بلے بازوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکے تھے ،یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں چار مرتبہ آمنے سامنے آئیں جہاں دو میچوں میں پاکستان اور دو میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ اوول میں پاکستانی ٹیم نے اب تک مختلف ٹیموں کے خلاف 9 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف دو میں اسے فتح نصیب ہوئی جبکہ 7 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔ بھارتی ٹیم نے یہاں مختلف ٹیموں کے خلاف 14میچز کھیلے اور 8 میں ناکامی کیساتھ 5میں کامیابی حاصل کی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv