تازہ تر ین
indian loc

مقبوضہ کشمیر انسانی ڈھال ، بھارتی فوج بیک وقت پاکستان اور چین سے لڑ سکتی ہے

جموں، سرینگر، نئی دہلی( کے پی آئی، این این آئی) بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپِن راوت نے مقبوضہ کشمےر مےں تعےنات بھارتی فوج کو نہتے شہرےوں کو انسانی ڈھال بنانے کی اجازت دے دی ہے جنرل بپِن راوت نے کہا ہے کہ کسی کو انسانی ڈھال کے بطور استعمال کرنا فوج کا قاعدہ نہیں البتہ فوج کا کوئی بھی آفیسر صورتحال کی مناسبت سے انفرادی سطح پر کوئی بھی فیصلہ لینے کا اختیار رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تشدد اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور کسی بھی قسم کے بامقصد مذاکرات کیلئے تشدد پر قابو پانا ضروری ہے۔ اےک انٹر ویو میں جنرل راوت نے یہ بات دہرائی کہ وادی کی صورتحال اس قدر خراب نہیں جیسا کہ میڈیا کی طرف سے ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انسانی ڈھال کے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے فوجی سربراہ نے کہاکسی کوانسانی ڈھال کے بطور استعمال کرنامعمول کا قاعدہ یا ضابطہ نہیں ہے، ایک عمل کے بطور اس کی حمایت نہیں کی جاسکتی لیکن یہ صورتحال پر بھی منحصر کرتاہے، میجر(گگوئی)نے مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آزادانہ طورفیصلہ لیا، وہ اس وقت اعلی حکام کے احکامات کا انتظار نہیں کرسکتے تھے،میرا ماننا ہے کہ اس نے اپنی حکمت کے مطابق یہ عمل انجام دیا۔جنرل راوت نے ان پر کی جارہی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہااگر کسی کے پاس اس طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے کوئی اور حکمت عملی یا خیال ہے تو وہ ہمیں بتا سکتا ہے ، ہم اس پر غور کریں گے۔ سی پی آئی ایم لیڈر پرکاش کرت کے اس الزام کہ فوجی سربراہ پتھر بازوں کو بندوق اٹھانے کیلئے اکسا رہے ہیں، کے جواب میں جنرل بپِن روات نے کہا کہ اس بارے میں ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔انہو ں نے اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہادرپردہ جنگ جیسی صورتحال میں دشمن کی نشاندہی نہیں کی جاسکتی، اس نے کوئی وردی نہیں پہن رکھی ہوتی ہے کہ اسے ایک دہشت گرد سمجھا جائے اور نہ ہی اس کی کوئی مخصوص شناخت ہوتی ہے، جب وہ گولی چلاتا ہے تو آپ جانتے ہیں کہ اس طرح کے حالات میں آپ کو کیا کرنا ہے؟ فوج پتھراﺅ کے جواب میں پتھراﺅ نہیں کرسکتی۔ مسئلہ کشمیر کے ممکنہ مستقل فوجی حل کے بارے میں پوچھے جانے پر فوجی سربراہ نے کہاکہ کوئی بھی حل اجتماعی ہونا چاہئے۔ بھارتی آرمی چیف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج بیک وقت پاکستان اور چین سے جنگ لڑنے کیلئے تیارہے، بیک وقت ڈھائی محاذوں پر طویل عرصے تک جنگ جاری رکھ سکتے ہیں۔ بھارت کی فوج کسی بھی صورتحال کیلئے تیارہے اور طویل عرصے تک ڈھائی محاذوں پر جنگ لڑ سکتی ہے۔ جنگ کیلئے اسٹرائیک کور 17 صرف پہاڑی علاقوں میں جنگ کیلئے تیار کی جارہی ہے۔نئی دہلی میں بھارتی خبر رساں ایجنسی کو دئے گئے انٹرویو میں جنرل بپن راوت کا کہنا تھا کہ مخاصمت کا سامنا کرنے کیلئے متبادل نظام موجود ہے لیکن ضرورت پڑی تو اندرون ملک عسکریت پسندی اور پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ سے ایک وقت میں نمٹا جاسکتاہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv