تازہ تر ین
parliment

اپوزیشن ہمیں مٹھائی پیش کرے، ن لیگ کا حیران کُن مطالبہ

اسلام آباد، کراچی، لاہور (نمائندگان خبریں) ترجمان وزیر اعظم مصدق ملک نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں سب سے زیادہ توجہ بے روزگاری ختم کرنے پر دی گئی ہے ‘ کاشتکاروں کیلئے ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے ‘ ترقی پر توجہ دی گئی ہے ‘ موجودہ بجٹ صحیح معنوں میں عوام دوست بجٹ ہے‘اپوزیشن کا کام تھا کہ بجٹ غور سے سنتے اور اتنا شاندار بجٹ پیش کرنے پر ہمیں مٹھائی پیش کرتے ‘نوجوانوں کےلئے کاروبار کے وسیع مواقع رکھے گئے ہیں ۔ وہ جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کے دوران وفاقی بجٹ کا دفاع کر رہے تھے۔ مصدق ملک نے کہا کہ اپوزیشن کا کام تھا کہ بجٹ غور سے سنتے اور اتنا شاندار بجٹ پیش کرنے پر ہمیں مٹھائی پیش کرتے لیکن اپوزیشن نے بجٹ سننا گوارا نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز میں بے تحاشہ اضافہ کرنے سے ملک کی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ کاشتکاروں کے لئے قرضوں پر شرح سود پہلے 15 فیصد ہوتا تھا جو موجودہ حکومت نے 9 فیصد کر دیا ہے۔ زرعی مشینری پر سیلز ٹیکس ڈیوٹیاں کم کی گئی ہیں کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی گئی ہیں ان اقدامات سے ترقیاتی اہداف کی تکمیل ہو گی۔ عوام کا معیار زندگی بلند ہو گزا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کےلئے کاروبار کے وسیع مواقع رکھے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سنیٹر نہال ہاشمی نے کہاہے کہ موجودہ بجٹ غریب دوست شاندار بجٹ ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی‘ 11 سو ارب روپے ترقیاتی سکیموں کیلئے رکھے گئے ہیں ‘ 14 سو ارب روپے سے پرانے قرضے اتارے جائیں گے‘اپوزیشن کا کام شور مچانا ہے وہ شور مچاتی رہے گی۔ اپوزیشن دل سے اسے اچھا بجٹ تسلیم کرے گی مگر زبان سے اقرار نہیں کرتے۔ اپوزیشن بعد میں اس بجٹ کو قبول کر لے گی ۔بجٹ سیشن کے بعد قومی اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اپوزیشن کے دور میں 40 ارب روپے پر کھڑا تا اب 123 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو غریبوں میں تقسیم ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ہو وہ ملک کے مفاد کو مدنظر رکھ کر ہی بجٹ دیتی ہے اور اپوزیشن کا تاثر منفی ہی ہوتا ہے۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی صحت کے لئے مضر ہے اس کی قیمتوں کو بڑھایا گیا ہے جس سے عام آدمی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ 2008ءسے 2013ءتک جتنی خرافات اور برائیاں تھیں موجودہ حکومت انہیں بھگت رہی ہے۔ تاہم اس کے باوجود ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ کاشتکاروں کو ریلیف دیا گیا ہے اور ہر شعبہ ہائے زندگی کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اصلاحات احسن اقبال نے مالی سال 2017-18کے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر منصوبہ ہے، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور چین کو راہداری ملے گی۔پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایچ ای سی کے لئے 21 ارب سے بڑھا کر 35 ارب رکھے ہیں۔ حکومت تعلیم، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی استعداد کار کو بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں میں کوالی پیدا ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آنے والا دور دنیا سے مقابلے کا دور ہے اور 2025ءمیں پاکستان دنیا کی صف اول کی 20 معیشتوں میں شمار ہوگا۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ بجٹ میں بیواﺅں کی پنشن اور ان کے قرضوں کی معافی کی سہولت دی گئی ہے۔ تنخواہ دار اور پنشن دار طبقے کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے جو اس بجٹ کو ہر لحاظ سے ممتاز بجٹ بناتا ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہونے جارہا ہے۔ پاکستان کے لئے خوشیوں کا سال ہے۔ تاجر کسان، مزدور، تخواہ دار، صنعتکار اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بجٹ سے ریلیف حاصل کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی مسترد کردہ ہے اس لئے وہ بجٹ کو مسترد کر رہی ہے۔ تاہم انہیں اپنے صوبوں میں ریلیف دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے دینے والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں ان عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملکی ترقی کا سفر جاری اور ساری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کل کہاں تھا آج کہاں کھڑا ہے۔ ملک ماضی میں دیوالیہ ہونے کی جانب تھا اب ترقی کی راہ کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور پاکستان کی ترقی کا دور ہے۔رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہاکہ مالی سال 2017-18ءکے بجٹ میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر پر توجہ دی گئی ہے۔ عوام دوست اور متوازن بجٹ ہے۔ ابھی اس حوالے سے مزید تجاویز آئیں گی۔ اس سے مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں انڈسٹری کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ پولٹری کی صنعت کی طرف بھی توجہ دی گئی ہے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں اس سے پہلے ماضی میں کسی بھی حکومت نے اتنے فنڈز مختص نہیں کئے۔ اس سے ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جبکہ توانائی کے منصوبوں کے لئے بھی خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ 2018ءمیں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے۔ دس فیصد اضافہ ناکافی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کم از کم ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 25 فیصد کیا جائے تو درست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کی جائے۔ مسلح افواج کےلئے ضرب عضب الاﺅنس حکومت کا درست فیصلہ ہے۔ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور ملک کے دفاع کےلئے دن رات ایک کر رہی ہے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ جی ڈی پی کی گروتھ بہت اچھی رہی کچھ حالات سیکیورٹی کی وجہ سے آئی، سی پیک کی وجہ سے جی ڈی پی کی گروتھ بڑھی ہے۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ انکم ٹیکس نیٹ ورک بہت کمزور ہے، اس کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ 65سالوں کے دوران مجموعی طور پر 11سے 12ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی ہے لیکن موجودہ حکومت نے 2013سے اپنا سفر شروع کرتے ہوئے توانائی کے منصوبوں کی بنیاد رکھی ‘کچھ منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال کے آخر تک توانائی کے منصوبے مکمل ہونے کے بعد 10ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں میں خصوصی طور پر سستی بجلی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پہلی مرتبہ گذشتہ چار سالوں کے دوران صنعتوں کو 100فیصد بجلی فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان خوابوں کی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آ جائے۔ وزارت عظمیٰ خوابوں اور دھرنوں کی نہیں کارکردگی کی بدولت ملتی ہے۔ ہری پور کے غیور عوام نے ایک بار پھر بلے کو توڑ کر شیر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہم ہری پور کے عوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا وہ ہری پور میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجٹ میں بیواﺅں کےلئے پانچ لاکھ تک کے قرضوں کی ادائیگی حکومت کی طرف سے کرنے کا اعلان ایک بہت بڑا سہارا ہے ، بجٹ میں بیت المال کے فنڈز 4ارب سے بڑھا کر 6ارب روپے کر دیئے گئے ہیں جس سے نادار افراد کو مہلک امراض کے علاج میں سہولت ملے گی ۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں کا اجراءکیا گیا ہے جس سے لوگوں کو مہلک امراض سے بچانے میں مدد ملے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv