تازہ تر ین
trump

ٹرمپ کیخلاف گھیرا تنگ ، بڑی مشکل میں پھنس گئے ، خوفناک انکشافات

واشنگٹن (خصوصی رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے روس کو خفیہ معلومات دینے کے معاملے پر امریکہ میں طوفان کھڑا ہوگیا، ٹرمپ اور روس کی سخت مخالف انٹیلی جنس کمیونٹی میں ٹھن گئی، پارٹی نے وضاحت طلب کرلی ، اگر معاملہ ثابت ہوگیا تو ٹرمپ کو صدارت سے بھی ہاتھ دھونے پڑسکتے ہیں۔ ابتدا میں وائٹ ہاﺅس نے ترید کی کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا، خبر بے بنیاد ہے جبکہ ٹرمپ نے ٹویٹ کرکے معلومات فراہم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے عمل کا بھرپور دفاع کیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے روسی وزیر خارجہ اور روسی سفیر سے وائٹ ہاﺅس میں ہونیوالی ملاقات میں اہم اور خفیہ ترین معلومات روسی وزیر خارجہ کودیں، یہ داعش کے متعلق ایسی معلومات تھیں جس میں انہوں نے جہاز میں لیپ ٹاپ استعمال کرنے سے متعلق داعش کے خطرات اور منصوبے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے روسی عہدیدار کو یہ بھی بتایا کہ امریکہ کو یہ معلومات داعش کے زیر کنٹرول شہر سے ایک دوست نے پہنچائیں۔ اخبار کے مطابق یہ معلومات مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے ایک انتہائی قریبی دوست ملک اسرائیل نے فراہم کی تھیں، ان معلومات سے ٹرمپ انتظامیہ کے بیشتر افراد لاعلم تھے۔ ان معلومات میں ٹرمپ نے داعش سے متعلق مدد فراہم کرنیوالے ذریعے کی شناخت ظاہر کی۔ اخبار کے مطابق ان معلومات کے افشا ہونے کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادی کے مابین تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کرنے کے ایک دن بعد ہوئی تھی جو امریکی صدر کے روس کے ساتھ تعلقات کی تفتیش کر رہے تھے۔ اس ملاقات کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ اس میں روسی فوٹوگرافر موجود تھے، تاہم امریکی میڈیا کو اس کی رپورٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ حکام نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ اوول آفس میں روسی سفیر سرگے کسلیک کے ساتھ بات چیت کے دوران بھی امریکی صدر نے کچھ ایسی معلومات کا تبادلہ کیا جن کے نتیجے میں ان کا ماخذ ظاہر ہو سکتا ہے۔ یہ گفتگو داعش کے ایک منصوبے کے بارے میں ہو رہی تھی ۔خفیہ معلومات کی فراہمی کا معاملہ سامنے آنے پر ریپبلکن پارٹی نے اپنے صدر سے وضاحت طلب کرلی، ڈیموکریٹس رہنماں نے بھی ٹرمپ کو شدید تنقید کانشانہ بنایا،سینیٹ میں دوسرے سب سے اعلیٰ عہدیدار ڈک ڈبرن نے کہا ٹرمپ کے اقدامات خطرناک اور اندھا دھند ہیں۔ سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے ریپبلکن سربراہ باب کورکرنے کہا اگر یہ خبر درست ہے تو انتہائی تشویشناک ہے۔ تاہم امریکی مشیرقومی سلامتی میک ماسٹر نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے وقت میں اسی کمرے میں موجود تھا،ایسا کچھ نہیں ہوا،یہ خبر جیسے بیان ہوئی ہے ، وہ غلط ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا سرگئی لاروف سے ملاقات میں مشترکہ چیلنجز تو زیربحث آئے تاہم خفیہ آپریشن کے طریقہ کار اور سورسز کا تذکرہ نہیں ہوا۔ ٹرمپ نے منگل کی صبح ٹویٹ کرکے روس کو خفیہ معلومات دینے کی تصدیق کردی، انہوں نے کہا روس کے ساتھ دہشت گردی اور دیگر مسائل پر معلومات شیئر کرنے کا اختیار حاصل ہے ،بطور صدر روس کے ساتھ دہشت گردی سے متعلق حقائق، پروازوں کی حفاظت، انسانی وجوہات سے متعلق معلومات شیئر کرنا چاہتا تھا جس کا مجھے مطلق اختیار حاصل ہے اور میں چاہتا تھا کہ روس داعش اور دہشت گردی کے خلاف اور زیادہ آگے بڑھ کر مقابلہ کرے ،سی این این کے مطابق گزشتہ روز ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ معلومات خفیہ نوعیت کی تھیں یا نہیں۔ امریکہ کے سابق سیکرٹری دفاع اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر لیون پنیٹا نے کہا ٹرمپ کی ذمہ داری تھی کہ حساس معلومات کے معاملے میں ٹرمپ پر بہت زیادہ محتاط رہنے کی ذمہ داری تھی۔وہ امریکہ کے صدر ہیں نہ کہ رئیلٹی شو کے سٹار اور وہ کوئی اور شخصیت نہیں بلکہ امریکہ کے صدر ہیں۔ ادھر روس نے بھی اس بات کی تردید کی ہے کہ امریکی صدر نے روسی اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات میں خفیہ معلومات شیئر کیں تھیں ۔روسی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا ٹرمپ نے تجویز کیا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات انسانی وجوہات کی بنا پر شیئر کی گئی تھیں ۔نیویارک ٹائمز کے مطابق زیادہ تر امریکیوں کا کہنا تھا ٹرمپ کو پاگل قراردیا جائے یہ امریکہ کی صدارت کا اہل نہیں، معروف امریکی صحافی ڈیوڈبروک نے کہا ٹرمپ کی صدارت میں ناپختگی کا عنصر واضح ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا دنیا پر ٹرمپ کی صورت میں ایک ناپختہ بچہ حکمرانی کررہاہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv