تازہ تر ین

تعلیمی اداروں میں سافٹ ڈرنکس پر پابندی, دیکھئے بڑی خبر

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہوٹلوں اور بڑے ریسٹورنٹس و کھانے پینے کی دیگر دکانوں کو کافی حدتک صفائی ستھرائی رکھنے پر مجبور کردینے کے بعد اب سکول وکالج کی سطح پر طلبہ کو صحت مند اشیاکی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے اور صوبے بھر کے سکولوں میں سافٹ ڈرنکس پر پابندی عائد کرنے پر غور شروع کردیا۔ اس سلسلے میں پی ایف اے نے سفارشات مرتب کرلی ہیں جو اتھارٹی کی آئندہ ہونیوالی بورڈ میٹنگ میں پیش کی جائیں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے تجویز دی جارہی ہے کہ سکولوں کی کینٹین میں سافٹ ڈرنکس کی جگہ صحت مند مشروبات جیسے فلیورڈ ملک اور تازہ پھلوں کے جوسز فروخت کیے جائیں۔ سفارشات میں یہ سفارش بھی شامل کی جارہی ہے کہ سکولوں کی کینٹین انتظامیہ کو جنک فوڈ کے بجائے صحت مند غذائی اشیا رکھنے کا پابند بنایا جائے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نور امین مینگل نے بتایا کہ جنک فوڈ اور سافٹ ڈرنکس صحت پر نہایت خطرناک اثرات مرتب کرتی ہیں، سکولوں کے بچوں کو یہ اشیا فراہم کرنے کا مطلب پاکستان کی نئی نسل کو بے شمار بیماریوں اور صحت سے متعلق خطرات سے دو چار کرنا ہے۔ سکولوں کی کینٹینز میں فلیورڈ ملک، جوسز، پھل اور ابلے ہوئے انڈے فروخت کیے جانے چاہیئں تاکہ بچوں کی جسمانی غذائی ضروریات پوری ہوں اور ان کی جسمانی و دماغی نشونما میں اضافہ ہو۔ رپورٹ کے مطابق ماہر غذائیات ڈاکٹر ظفر محمود کا کہنا ہے کہ جنک فوڈ اور کولڈ ڈرنکس کا ایک ساتھ استعمال جسم میں ایک خاموش بھوک پیدا کردیتی ہیں جس میں پیٹ بھرنے کا احساس تو ہوتا ہے تاہم جسم غذائیت سے محروم رہتا ہے،سافٹ ڈرنکس نشونما پاتے بچوں میں ہڈیوں کی کمزوری اور معدے کی خرابی کا سبب بن سکتی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv