تازہ تر ین
terrorism

پنجاب میں 28 دہشتگرد روپوش …. گرفتاریاں …. بڑا چیلنج درپیش

لاہور (خصوصی رپورٹ)تحقیقاتی اداروں کی بڑی کامیابی ،پانچ اپریل کی صبح بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خودکش دھماکے کے مرکزی ملزم اور بمبارعرفان کے جوگر سے ”را“ اور دہشت گردوں کے بڑے نیٹ ورک کا سراغ مل گیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں آئندہ روز میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔ انتہائی معتبر اورخفیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 20سالہ عرفان نے واردات سے ایک ہفتہ قبل بھٹہ چوک پر واقعہ معروف شوز برانڈ سے جوگر خریدے اور نواحی بستی میں سہولت کاروں کے گھر روپوش ہوگیا وہاں سے ہر روز صبح مردم شماری ٹیم کی ریکی کرتا اور واپس جاکر افغانستان میں فون کرکے ہدایات لیتا رہا وقوعہ کے روز ملزم نے نئے جوگر پہنے اور 10کلو بارودی مواد سینے سے باندھ کر خودکش دھماکہ کرکے واصل جہنم ہوگیا جبکہ پاک فوج کے جوانوں سمیت 7 افراد شہید، 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ بمبار کی شناخت اس کے جوگر پر درج سریل نمبر اور ٹیگ ہوئی۔ اس حوالے سے جب تحقیقاتی ٹیموں نے معروف شوز برانڈ سے رابطہ کیا تو ملزم کے دکان پر درج ریکارڈ اور فوٹیج سے شناخت ممکن ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مردم شماری ٹیموں کو دھمکیوں کے باوجود حساس اداروں کے جوان اور دیگر محکموں کے ملازمین دہشت گردوں کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمرباجوہ نے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی بیخ کنی کی ہدایت کی ہے۔ سی ڈی ٹی اور حساس اداروں نے جاری آپریشن میں افغان بستیوں اور دیگر علاقوں سے متعدد مشکوک افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے تمام شاپنگ مالز، شوز برانڈز سمیت بڑے سٹوروں کو کسٹمرز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے سوفٹ ویئر متعارف کرانے کا جلد پابند کیاجائےگا۔ دہشت گردوں کی گرفتاری، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔ پنجاب میں مذہبی دہشت گردی میں ملوث 49 میں 28 دہشت گردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر ہونے کے باوجود پولیس سمیت دیگر تحقیقاتی ادارے کسی بھی دہشت گرد کو گرفتار نہ کرسکے۔ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل پہلے نمبر پر پاکپتن کا رہائشی عمران احمد ہے، اس کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی، عمران القاعدہ کا اہم رُکن اور امریکی شہری وائن سٹائن کے اغوا میں ملوث ہے۔ دوسرے نمبر پر شیخوپورہ کا ذکی اللہ ہے جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر ہے۔ تیسرے نمبر پر 20 لاکھ سر کی قیمت والا تنویر احمد ہے۔ کالعدم تحریک طالبان میں شامل اٹک کے عبید کی گرفتاری پر 15 لاکھ روپے انعام مقرر ہے۔ دہشت گرد رانا نعیم کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے ہے اور وہ سابق صدر پرویز مشرف کے طیارے پر فائرنگ اور سری لنکن ٹیم پر حملے سمیت دیگر کیسز میں مطلوب ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سانحہ بیدیاں کا خودکش بمبار ”را“ کا ایجنٹ ہے اور واردات سے قبل افغانستان سے ہدایات لیتا رہا۔ سکیورٹی اداروں نے اس انکشاف پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔
دہشت گرد چیلنج



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv