تازہ تر ین

ملک کے پہلے ٹریٹمنٹ فلٹر کا افتتاح, مزید اہم اعلانات سامنے آگئے

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی سائٹ پر ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ فلٹر کلینک کا افتتاح کر دیا جبکہ وزیراعلیٰ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی مین عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ جدید مشینری اور طبی سہولتوں سے آراستہ اس فلٹر کلینک میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین اور جدید سہولتیں ملیں گی۔ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں گردے اور جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید علاج معالجہ میسر آئے گا اور جگر کی پیوندکاری کی سہولت بھی ملے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کے افتتاح اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی مین عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایسے فلٹر کلینک پنجاب کے 36 اضلاع میں جنگی بنیادوں پر بنائے جائیں گے اور یہ تمام کلینکس رواںسال کے آخر تک ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی شروع کر دیں گے۔ ان فلٹر کلینکس کیلئے مشینری ہوائی جہازوں کے ذریعے منگوانا پڑی تو منگوائیں گے اور ہرطرح کے وسائل فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا پہلا اور منفرد پاکستان کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اور اس کا پہلا مرحلہ رواں برس 25 دسمبر کو مکمل ہو جائے گا اور یہاں پر جگر کی پیوندکاری کا پہلا آپریشن بھی ہوگا۔یہ پاکستان کی جیت ہے یہاں مستحق اور غریب مریضوں کا مفت علاج ہو گا اور انہیں مفت لیورٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کو 14 اگست 2017 کو اپنا کام شروع کرنا تھا لیکن اس میں بعض وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوئی ہے اور اب یہ منصوبہ اس برس کے آخر میں کام شروع کر دے گا جس کیلئے حکومت اربوں روپے فراہم کر رہی ہے۔ میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں اور ایک ایک پائی امین بن کر دکھی انسانیت کے قدموں پر نچھاور کرتا رہوں گا۔ اس پراجیکٹ کا نام پنجاب کی بجائے پاکستان کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر رکھا گیا ہے کیونکہ یہاں وادی مہران، بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں، کے پی کے برف پوش پہاڑوں پر بسنے والوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بہن بھائیوں کو علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں گی اور اس ہسپتال میں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا علاج بالکل مفت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایسا منافع ہے جسے ہیرے اور جواہرات میں تولا نہیں جاسکتا۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے اس ادارے کے قیام میں حصہ لینے والے سب ادارے اور افراد دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں، فلائی اوورز، موٹر ویز، میٹروز، محلات اور دیگر انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں منافع کمایا جاتا ہے لیکن ایسے اداروں کے قیام سے ملنے والے منافع کی کوئی قیمت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک میں کوئی ہڑتال نہیں ہوگی بلکہ تمام ڈاکٹرز اور عملہ دل و جان سے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمہ وقت موجود ہو گا اور یہ سب مسیحا ہوں گے۔ میں ینگ ڈاکٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ خدارا احتجاج کا راستہ چھوڑ کر دن رات دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔ مریض ہسپتالوں میں سسک سسک کر جان دے دیں اور آپ ان ڈور اور آﺅٹ ڈور بند کرکے سڑکوں پر احتجاج کریں، ایسا کسی طور پر مناسب نہیں۔ اگر آپ کی تنخواہوں، مراعات، گاڑیوں یا بونس کا کوئی مسئلہ ہے تو میں حاضر ہوں اور اسے مل بیٹھ کر حل کریں لیکن خدارا دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام لیں اور آپ حقیقی معنوں میں مسیحا بن جائیں۔ آخرت کو سنوارنے کیلئے ہڑتال اور احتجاج کا راستہ اختیار نہ کریں کیونکہ ایک طرف مریض آئی سی یو میں تڑپ رہے ہوں اور ڈاکٹر احتجاج کریں، یہ کسی کو پسند نہیں بلکہ یہ انتہائی ناگوار عمل ہے۔ بات بات پر ہڑتال کرنا نہ مناسب بات ہے حالانکہ پنجاب حکومت واحد صوبہ ہے جہاں میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ افراد کو سب سے زیادہ تنخواہیں ملتی ہیں اور رواں برس محکمہ صحت کا جاریہ بجٹ 260 ارب روپے ہے۔ پرائیویٹ میڈیکل اداروں میں ایک ڈاکٹر بننے پر 40 سے 50 لاکھ خرچ آتا ہے جبکہ سرکاری میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں نہایت معمولی فیس وصول کرکے آپ کو ڈاکٹر بنا رہی ہیں۔ یہ بات آپ کے والدین، عزیز و اقارب، دوستوں اور کسی کو بھی پسند نہیں ہو گی کہ آپ مریضوں کو تڑپتا چھوڑ کر اپنے جائز یا ناجائز مطالبات کیلئے سڑکوں پر نکلیں۔ آپ سے یقینا آپ کے اہل محلہ اور قوم کو توقعات ہوتی ہیں کہ آپ مسیحا بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے۔ آپ کو یقینا قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھ کے ان کی دعائیں سمیٹنی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے حالیہ دورہ ملتان کے دوران 2 ہسپتالوں میں ادویات نہ ملنے کی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی بجٹ دیا ہے، اس کے باوجود مریضوں کو طبی سہولتیں نہ ملنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سے 30 منٹ کی مسافت پر دور گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال موجود ہے جہاں مریضوں کو جدید طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر، صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، صوبائی وزیر تعمیرات ومواصلات تنویر اسلم ملک، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ومیڈیکل ایجوکیشن، طبی ماہرین، متعلقہ حکام اور علاقے کے لوگوں کو بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی سائٹ پر ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ فلٹر کلینک کے افتتاح کے بعد وہاں فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کلینک میں بنائے ہر سیکشن میںگئے اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے ساتھ بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کی آمد سے لے کر ان کے میڈیکل چیک اپ کے پورے نظام کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہیپاٹائٹس کلینک میں جدید ترین مشینری اور آلات لگانے پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا اور اس کلینک کو ہیپاٹائٹس کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے شاندار کاوش قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور دیگر عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس شاندار انداز میں عمارت کا ڈیزائن بنایا گیا ہے، اس سے شاندار طبی سہولتوں کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے۔ بلاشبہ یہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قومی اتھلیٹ نادیہ نذیر اور ان کے بیٹے کے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نادیہ نذیر نے سیف گیمز ، ایشیئن گیمز اور اسلامک گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد میڈلز اپنے نام کر کے ملک وقوم کا نام روشن کیا اور وہ ایک بہترین ایتھلیٹ تھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھکر کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv