لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات شوکت بسرا نے صوبے میں فارورڈ بلاک کے حوالے سے شیرافضل مروت کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے اراکین متحد ہیں اور منحرفین کے خلاف پارٹی کارروائی کرنے جا رہی ہے۔
پنجاب میں پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کے حوالے سے اطلاعات پر شوکت محمود بسرا نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو اراکین منحرف ہوئے ان کے خلاف پارٹی کارروائی کرنے جا رہی ہے، جو اراکین منتخب ہوئے ہیں وہ صرف بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے جیت کر آئے ہیں۔
شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ سب نے ووٹ بانی چیئرمین کو دیا اور بانی چیئرمین کو چھوڑنے والوں کا حال پرویز خٹک اور محمود خان جیسا ہوگا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے کل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں فارورڈ بلاک کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پنجاب میں ہمارے اراکین صوبائی اسمبلی کو توڑا جاریا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک ہے، جس کا 15 دن پہلے پتہ چلا تھا۔