تازہ تر ین

بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2022 اختتام پذیر

کراچی: (ویب ڈیسک) چار روزہ بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2022 ایکسپو سینٹرکراچی میں اختتام پذیر ہوگئی، نمائش میں 64 ممالک نے حصہ لیا جو کہ گزشتہ برسوں کی بہ نسبت سب سے بڑی نمائش تھی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر اسرارترین نے کہا کہ آئیڈیاز 2022 ہماری دفاعی مصنوعات کا شو کیس تھا، نمائش کا 40 ہزار سے زائد بین الاقوامی وفود نے دورہ کیا جبکہ نمائش سے دفاعی پیداوار کی صنعت کو فروغ حاصل ہوا ہے اور 30 سے زائد ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ڈیپو میچر جنرل عارف ملک نے کہا کہ اس نمائش کو کامیاب بنانے پر تمام ایگزیبیٹرز کاشکریہ ادا کرتے ہیں، آئیڈیاز 2022 میں ترکی، چین، نارتھ کوریا، جنوبی امریکہ، یورپ، ایشیاء اور فار ایسٹ سے بہترین ریسپونس ملا ہے، دفاعی نمائش میں اٹلی، ترکیہ، چین، انڈونیشیا، یورپ، افریقہ، خلیجی ممالک جبکہ پہلی دفعہ آسٹریا اور رومانیہ بھی شریک ہوئے۔
آلات حرب کی اس نمائش میں مختلف غیر ممالک نے اپنے دفاعی ساز و سامان کے اسٹالز لگائے تھے جس میں ایوی ایشن انڈسٹری، بری، بحری اور فضائی ساز و سامان کے ساتھ ساتھہ مختلف قسم کے جنگی ہتھیار برائے امن کے لئے ڈسپلے کئے گئے۔
میزبان ملک ہونے کے ساتھ ساتھ دفاعی طور پر خود انحصاری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی مہارت کے سکے ایک دفعہ پھر جمائے، پاکستان آرڈیننس فیکٹری، ہیوی انڈسٹری ٹیکسیلا، مختلف مقامی کمپنیوں نے اسلحہ، ہتھیار اور دیگر جنگی سازوسامان نمائش کے لئے رکھا تھا جس میں بڑے پیمانے پر غیرملکیوں نے دلچسپی لی۔
دفاعی نمائش 2022 میں الخالد ٹینک، الضرار، جے ایف17 تھنڈر، جنگی طیارے ، آرمڈ پرسنل کیرئیر، آٹومیٹک اور سیمی آٹو گنز، چھوٹے سائز کے رائفلز کے علاوہ ٹینکس، بنکرز اور خودکار روبوٹ بھی رکھے گئے تھے۔
نمائش کی خاص بات پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کو بھی متعارف کیا گیا جس کے ذریعے عسکری ساز و سامان اور جنگی ہتھیاروں کی تیاری بھی شامل ہے۔
آئیڈیاز 2022 کے مندوبین کے لئے کراچی شو اور ثقافتی شو بھی منعقد کیا گیا تھا جسے شرکاء نے بیحد سراہا۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv