اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس کے جوڈیشل کمیشن اجلاس کی ریکارڈنگ جاری کیے جانے کے بعد اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کا بیان بھی آ گیا، اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ ججز کا تقرر کرنا کمیشن کا مقدس فرض ہے جس کی ادائیگی میں کسی قسم کی عدم شفافیت کا شائبہ بھی نہیں ہونا چاہئے۔
ججز تقرر کے اٹھائس جولائی کے اجلاس کے معاملہ پر اٹارنی جنرل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری جانب سے اجلاس موخر کیے جانے کو کوئی اور رنگ نہ دیا جائے، میں نے ان ناموں کی مخالفت کی تھی اور جسٹس (ر) سرمد جلال کی رائے سے مکمل اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اجلاس میں کہا تھا کہ جسٹس اطہر من اللہ ہی اس وقت ہائی کورٹ کے سینیر اور اہل جج ہیں، انہیں نامزد ہونا چاہئے۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ نامزد کیے گیے ججز کی معلومات اجلاس سے بہت پہلے فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ ان کاجائزہ لیا جا سکے، میں نے صرف اسی تناظر میں اجلاس موخر کرنے بات کی تھی۔