تازہ تر ین
gilani khabrain

آپریشن میں حصہ لینے والی امریکی فورسز ویزا لے کر نہیں آئیں

ملتان(ویب ڈیسک)سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو ویزوں کے اجرا سے متعلق مشروط اختیارات دیے گئے تھے جب کہ ایبٹ آباد آپریشن میں حصہ لینے والی امریکی فورسز ویزا لے کر نہیں آئیں۔ملتان میں حامد سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن میں حصہ لینے والی امریکی فورسز ویزا لے کر نہیں آئیں اور خط میں اسپیشل امریکی فورسز کو ویزے دینے کی اجازت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جب کہ سابق سفیر حسین حقانی کو ویزوں کے اجرا سے متعلق مشروط اختیارات دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سفیر کو خط متعلقہ وزارت کے ذریعے ہی بھیجا گیا ہوگا جب کہ سفیر سفارت خانے اور عملے کو نظرانداز کرکے ویزہ نہیں دے سکتا اور سفیر کو خط لکھنے کا مقصد ویزے کے اجرا کے طریقہ کار کو بائی پاس کرنا نہیں بلکہ تیز کرنا تھا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خط میں سفیر کو واضح کردیا تھا کہ وزارت خارجہ کی سفارش پر ویزا جاری کیا جائے اور خط میں کہیں نہیں لکھا کہ سفیر سفارتخانے کے اصول نظر انداز کردے تاہم معاملے کی تحقیقات کے لیے 2002 تا 2017 ویزوں کے اجرا کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ویزا بغیر سیکیورٹی کلیئر نس جاری نہیں کیا جاتا اور حسین حقانی کا بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بغیر سیکیورٹی کلیئرنس کوئی ویزا جاری نہیں کیا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو شمسی ایئربیس استعمال کرنے کی اجازت مشرف نے دی، پیپلزپارٹی نے امریکا کو ایسی کوئی اجازت کبھی نہیں دی جب کہ ہماری حکومت نے ہی امریکیوں سے شمسی ایئر بیس خالی کرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کی موجودگی کی تحقیقات کرائی جائیں اوراب بھی کہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی پر تحقیقات کریں نہ کہ ویزے کے اجرا پر، کیوں کہ اس معاملے کو اچھالنے کا مقصد اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv