تازہ تر ین

ملک میں ایک دن میں 15 لاکھ سے زائد ویکسین لگانے کا نیا ریکارڈ قائم

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک دن میں کورونا وائرس کی ویکسین کی ریکارڈ 15 لاکھ خوراکیں لگائی ہیں۔

این سی او سی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ 31 اگست کو ملک میں کل 15 لاکھ 90 ہزار 309 خوراکیں دی گئیں جو کہ ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ان میں سے ویکسین کا پہلا ڈوز حاصل کرنے والے افراد دس لاکھ سے زائد ہیں جبکہ بقیہ دیگر 5 لاکھ دوسری خوراک حاصل کرنے والے ہیں۔

اسد عمر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ایک دن میں کی جانے والی ویکسینیشن نے 15 ملین کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘کل (31 اگست) 15 لاکھ 90 ہزار ویکسینیشن کی گئیں، کل پہلی خوراک اور دوسری خوراک دونوں ویکسینز بالترتیب 10 لاکھ 71 ہزار اور 5 لاکھ 19 ہزار تھیں’۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگست کے آخر تک 24 بڑے شہروں میں 18 اور اس سے زیادہ عمر کی 40 فیصد آبادی کو پہلی خوراک دینے کا ہدف مقرر کیا تھا اور یہ 20 اہم شہروں میں حاصل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘اب تک ہدف سے پیچھے رہ جانے والے شہروں میں حیدرآباد، مردان، نوشہرہ اور کوئٹہ شامل ہیں’۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں 35 فیصد بالغ آبادی کو کم از کم پہلی ویکسین خوراک مل چکی ہے۔

ایک ٹوئٹ میں صوبے کے لحاظ سے اس کی شرح کی تفصیلات بتائے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 69 فیصد بالغ آبادی کو پہلی خوراک دی گئی، آزاد کشمیر میں 51 فیصد، گلگت بلتستان میں 39 فیصد، پنجاب میں 37 فیصد، خیبر پختونخوا میں 35 فیصد، 32 فیصد سندھ میں 12 فیصد اور بلوچستان میں 12 فیصد آبادی کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv