نئی دہلی (آ ئی این پی‘ مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت نے انڈین آرمی کے موجودہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل بپن روات کو چیف آف آرمی سٹاف کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد نیا چیف آف ڈیفنس سٹاف مقرر کرنے کےلئے بھارت کے آرمی ایکٹ مجریہ1950میں ترمیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت بھارت کے موجودہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل بپن روات 31 دسمبر کوموجودہ عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس سٹاف تعینات کیا جاسکے گا جبکہ بھارت کے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے تحت چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ریٹائرمنٹ کی عمر بھی 62 سال سے بڑھا کر 65 سال کردی گئی ہے۔ بھارتی حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق انڈین آرمی میں یہ ترمیم مفاد عامہ کا اہم ترین تقاضا تھی، اس لیے انڈین گورنمنٹ نے مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی عمرمیں65 سال تک توسیع دینے کا قانون منظور کیا ہے۔ انڈین آرمی ایکٹ میں اس ترمیم کا اعلان گزشتہ روزچیف آف سٹاف کی پیشہ ورانہ اسٹک کی رسمی منتقلی کی باقاعدہ تقریب کے موقع پر کیا گیا۔ تقریب میں بھارت کی بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان بھی شریک تھے جبکہ بھارتی کابینہ نے چیف آف ڈیفنس سٹاف کے عہدہ اور اس سے متعلقہ چارٹر کی باقاعدہ منظوری اپنے 24 دسمبر کے اجلاس میں دی تھی۔ انڈین آرمی ایکٹ کی ترمیم میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارت کی بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان اپنی سابقہ تنخواہ اور مرعات کیساتھ اپنی اپنی افواج کا آپریشن کنٹرول برقرار رکھیں گے۔ بھارتی آرمی ایکٹ میں فوج کے چیف آف آرمی سٹاف کے معاملہ پر آرمی ایکٹ میں ترمیم سے یہ حقیقت بھی عیاں ہوگئی ہے کہ افواج میں ترقیوں اور تقرریوں کے تمام انتظامی معاملات حکومت کے دائرہ کار میں آتے ہیں، پاکستان اور ہندوستان دونوں ممالک میں ایک جیسے فوجی قوانین رائج ہیں جبکہ دونوں ممالک کی اعلی عدالتوں کے معاملات بھی تاریخی حوالوں سے ایک جیسے ہی ہیں۔ بھارتی آرمی ایکٹ میں ترمیم اور انڈین آرمی کے موجودہ چیف آف سٹاف جنرل بپن روات کی مزید تین سال کےلئے بطور چیف آف ڈیفنس سٹاف تقرری کو دنیا بھر کے عسکری حلقے حکومت کے صوابدیدی اختیارات قرار دے رہے ہیں جبکہ انڈین آرمی ایکٹ میں حالیہ ترمیم سے پاکستان کے موجودہ چیف آف آرمی سٹاف کی مدت ملازمت میں حکومت کی جانب سے کی جانیوالی مزید تین سال کی توسیع کے فیصلے کو بھی صحیح اور قانونی فیصلہ قرار دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملہ پر سیاسی ڈرامہ بازی کرکے فوجی معاملات میں دخل اندازی کی سوچ رکھنے والے عناصر کا موقف بھی غلط ثابت ہوگیا ہے۔ بھارت میں ایگزیکٹو نے اپنے اختیارات استعمال کرکے توسیع کا معاملہ نمٹا دیا۔ پاکستان اور بھارت دونوں نوآبادیاتی دور کے یکساں اصول و ضوابط کو لے کر چل رہے ہیں۔ بھارت نے حالات کو مزید کشیدہ بنانے کی راہ ہموار کرنا شروع کردی بھارتی حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کردی ترمیم جنرل بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس کا عہدہ نوازنے کیلئے کی گئی۔ بھارتی وزارت دفاع نے بذریعہ ایگزیکٹو آرڈر آرمی ایکٹ 1950 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ترمیم سے جنرل رینک کے آفیسرز کو مدت ملازمت میں توسیع دی جاسکے گی۔