لاہور(ویب ڈیسک)خوبصورتی کے ساتھ فلمی سنجیدگی کی حامل ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر اپنے دل کو چھونے والے پیغام میں نہ صرف فلمی بھائی چارہ بلکہ مضبوط عورت کے خلاف رجعت پسندی کو توڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے پرستاروں اور فلمی دنیا کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خلاف تنازع کی بھڑکتی ہوئی آگ کو بجھانے پر سوشل میڈیا صارفین کی مشکور ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ ”ہم جو کرتے ہیں اور جس طرح کرتے ہیں یہی ہمارا مستقبل بن جاتا ہے“ ماہرہ کے یہ الفاظ شاعر مشرق کی سوچ سے مطابقت رکھتے معلوم ہوتے ہیں جنہوں نے فرمایا انسان کی تدبیر ہی اس کی تقدیر ہے۔مجھے اپنے آپ پر بھی فخر ہے۔ اپنے اس سفر میں‘ میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ میں نے ہمیشہ جو صحیح سمجھا وہی کیا اور کبھی کسی دوسرے کے بنائے ہوئے تنازع پر غور نہیں کیا اور انشائ اللہ اپنے اس عمل کو ہمیشہ جاری رکھوں گی۔انہوں نے مزید فلم انڈسٹری اور سامعین سے کہا نفرتوں سے بھری دنیا میں ”محبت“ کا انتخاب کرو۔ دوسروں کی آراءکو درگزر کر کے اپنی جدوجہد کو مخصوص مائنڈ سیٹ کی جانب موڑ دو۔ اداکارہ نے ان خیالات کا اظہار کرنے کے ساتھ کہا اس انڈسٹری میں ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرنے میں وقت نہ ضائع کرو تاکہ ہمارا ملک بھی پھلے پھولے۔ماہرہ نے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو پرستار میرے مداح ہیں‘ میری طرفداری کرتے ہیں‘ میں ان کی شکر گزار ہوں۔ماہرہ خان گزشتہ دنوں ایک بڑے تنازع کی زد میں رہیں۔ جب اداکار فردوس جمال نے انہیں ایک اوسط درجے کی ماڈل اور بہت اچھی اداکارہ نہیں بلکہ ماں کے کردار کے لئے موزوں کہا۔ یہ الفاظ تو گویا ماہرہ خان کے پرستاروں پر بجلی بن کر گرے جو آن کی آن میں ماہرہ کے حق میں سوشل میڈیا پر امڈ آئے اور اداکارہ کی طرف داری میں جت گئے۔پیر کے روز ماہرہ خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”میں اپنی فلم انڈسٹری پر فخر کرتی ہوں۔ میں اپنے سینئر اداکاروں کی مشکور ہوں جنہوں نے میرے اور میرے جیسے لوگوں کے لئے راہ ہموار کی۔“