تازہ تر ین

ن لیگ برطانوی اخبار کیخلاف برس پڑی ، کاروائی کا فیصلہ

لاہور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این)نے برطانوی اخبار کی خبر کو جھوٹی اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی اخبار کی بے بنیاد خبر سے ن لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا، پگڑیاں اچھالنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کیخلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ترجمان سرکاری خرچے پر جھوٹ کا دفاع کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برطانوی اخبار کی سٹوری نواز لیگ کے خلاف ایک سازش ہے جو بنی گالہ میں تیار کی گئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے لاہور میں مقیم متنازع صحافی کے ذریعے رپورٹ شائع کرائی، ڈیلی میل کی ساکھ کا سب کو علم ہے۔ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کی خبر میں ذکر کردہ 2005 سے 2012 کی مدت پر اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ 2005 سے 2007 تک شہباز شریف ملک بدر تھے، اس دوران مشرف کی حکومت تھی، دسمبر 2008 میں شہباز شریف وزیراعلی پنجاب بنے، اس وقت وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور ایرا وفاق کے ماتحت تھا۔ زلزلہ کشمیر اور خیبر پختونخوا میں آیا تو پیسے پنجاب میں شہباز شریف کیسے کھا رہے تھے؟ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنے خلاف برطانوی اخبار کی جانب سے لگائے گئے کرپشن الزامات پر ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے، خود ساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کی ایما پر چھاپی گئی، ہم ان دونوں حضرات کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ شہباز شریف نے مزید لکھا کہ ویسے! عمران خان صاحب آپ کو ابھی میری جانب سے کئے گئے 3 ہتک عزت کے دعو?ں کا جواب بھی دینا ہے۔ شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے اسے وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اپنے اور اپنے خاندان پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان الزامات کو ثابت کرنے کے لئے شواہد موجود نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے حوالہ سے برطانوی اخبار ڈیلی میل میں سیلاب متاثرین کے لئے برطانوی امداد میں کرپشن کے الزامات پر مبنی شائع ہونے والی خبر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اسپانسرڈ اسٹوری ہے ، یہ کردار کشی کی اسٹوری ہے اس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اس اسٹوری سے جو جج کی ویڈیو ہے اس سے توجہ نہیں ہٹ سکتی۔اس وقت عمران خان کی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور جج کی ویڈیو کا اسکینڈل سامنے آیا ہے اس سے توجہ ہٹانے کے لئے من گھڑت کہانیوں کا سہارا لے رہی ہے۔ڈیلی میل کی خبر پر ہمارے قانونی ماہرین جائزہ لیں گے اور اس پر ہم مناسب چارہ جوئی کریں اور قانونی ماہرین کے مشورہ پر عمل کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکی پیڈیا نے ڈیلی میل کے حوالہ سے کہا ہے کہ یہ ناقابل اعتبار اخبار ہے اور اس کی کسی خبر کو بطور حوالہ استعمال نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ خبریں گھڑتے ہیں ، یہ سنسنی خیزی کرتے ہیں اور ان کی خبریں حقائق کے برخلاف ہوتی ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک ایسا اخبار جس کو بین الاقوامی سطح پر سنسنی خیزی اور چھوٹی خبریں چھاپنے کی وجہ سے مسترد کیا جا چکا ہے اس کی اسٹور ی کو برطانوی اخبار کی اسٹوری کہہ کر پاکستان میں کردار کشی کے لئے استعمال کرنا پاکستان کی بدنامی کرے رہے ہیں۔ حکومت اپنی سیاست کے لئے پاکستان کو بدنام کر رہی ہے تاکہ کوئی غیر ملک پاکستان سے کسی قسم کا اقتصادی تعاون نہ کرے۔ مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کی خبر میں شہباز شریف پر لگائے گئے الزمات کو بے بنیاد اور پراپیگینڈا مہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے ڈھائی سال سے الزامات اور دعوے سن رہے ہیں، امداد دینے کے لیے ایک مکمل عمل ہوتاہے،پیسہ کسی کے ہاتھ یا ذاتی اکاو¿نٹ میں نہیں جا سکتا، شائع ہونے والی خبر کے پہلے 5 حصوں میں شہباز شریف شریف کی کارکردگی اور ان کے منصوبوں کی تعریف کی گئی، خبر کے مشکوک ذرائع والے حصے میں تمام سازشی نظریات اور الزامات عائد کیے گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ خبر میں برطانیہ کی کسی سرکاری رپورٹ کا ذکر نہیں، خبر من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے جو عمران صاحب کا سازشی ذہنی اختراع ہے، عمران صاحب نے برطانوی اخبار کے لاہور میں مقیم متنازعہ صحافی کے ذریے بے بنیاد، حقائق کے برعکس خبر شائع کرائی، برطانوی اخبار کی خبر میں ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر عالمی اداروں اور ڈیفیڈ کی جانب سے فنڈز کی شفافیت کا اعتراف کیاگیا ہے۔ترجمان مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ شہبازشریف نے ایک ایک پائی ایمانداری اور شفافیت سے خرچ کی، ایسی خبریں پاکستان کی جگ ہنسائی کے لئے شائع کرائی جارہی ہیں، جھوٹی خبر کے ذریعے برطانوی امدادی ادارے کو بدنام کرنے کا اوچھا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا، خبر شائع کرنے والے اخبار کی شہرت، ساکھ اور کردار سب جانتے ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام میں امداد کو متنازع بنا رہے ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv