اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت نے کرکٹ میچ کے دوران افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی شائقین کو نشانہ بنانے اور پاکستان مخالف بینرز کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھا لیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان کو شائقین کرکٹ کے درمیان لڑائی جھگڑے پر تشویش ہے، اس لیے کھیلوں کی متعلقہ اتھارٹیز سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کو میچ کے دوران پاکستان مخالف بینرز پر شدید تشویش ہے، کھیلوں کے میدان میں پراپیگنڈہ کا استعمال ناقابل قبول ہے۔واضح رہے کہ 29 جون کو پاک افغان میچ میں ہار کے بعد افغان شہریوں نے پاکستانیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ اسٹیڈیم میں پاکستان مخالف بینرز بھی لہرائے گئے تھے۔پاکستان نے افغانستان کے خلاف میچ تین وکٹوں سے جیت لیا تو افغان شائقین کرکٹ بپھر گئے اور انہوں نے گراﺅنڈ میں داخل ہو کر پاکستانی کھلاڑیوں تک پہنچنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا لیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔