تازہ تر ین

روزنامہ خبریں کی آواز کا جادو چل گیا ، کمیٹی بن گئی ، تحقیقات شروع

لاہور (مہران اجمل خان سے )جناح ہسپتال میں نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے گزشتہ دنوں خبریں اور چینل ۵ کی نشاندہی پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے تعاون سے پکڑی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کی زائد المعیاد ادویات پر ایکشن لیتے ہوئے نئی کمیٹی تشکیل دے دی۔ جو اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی ادویات کس نے خرید یں اور کس کے کہنے پر خریدیں گئیں۔ اتنی بڑی مقدار میں ہیپاٹائٹس کی دوائی کی ڈیمانڈ کس نے کی اور اتنی بڑی مقدار میںدوائی کیوں منگوائی گئی۔ بھاری مقدار میں ادویات زائد المعیاد ہونے کے باوجود میڈیسن سٹور کو واپس کیوں نہیں کی جاسکی۔ کیا ہیپاٹائٹس کلینک والوں نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ والوں کو ہیپاٹائٹس بی اور سی کی زائد المعیاد ادویات بارے آگاہ کیا تھا یا نہیں اور مستقبل میں ادویات کو زائد المعیاد ہونے سے بچانے کےلئے تین رکنی کمیٹی اپنی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ ایم ایس جناح ہسپتال کی جانب سے جاری ہونے والے لیٹر کے مطابق تین رکنی کمیٹی کے چیئرمین ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر در محمد بنائے گئے ہیں جبکہ فوزیہ حسنین ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور ڈاکٹر خالد مقصود ڈی ایم ایس کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔محکمہ صحت ذرائع کے مطابق کوئی بھی سرکاری ہسپتال جب کسی کمپنی سے ادویات خریدتا ہے تو میڈیسن کمپنی اس بات کی پابند ہوتی ہے کہ زائدالمعیاد ادویات وہ واپس لے گی اور اس کے بدلے میں نئی ادویات دے گی مگر جناح ہسپتال میں کروڑوں روپے کی ادویات زائد المعیاد ہونے کے باوجود نہ توکمپنی کو واپس کی گئیں اور نہ ہی محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کو اس بارے آگاہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل خبریں اور چینل ۵ نے جناح ہسپتال میں میگا کرپشن اسکینڈل بے نقاب کیا تھا جس میں محکمہ اینٹی کرپشن نے کاروائی کرتے ہوئے جناح ہسپتال ہیپاٹائٹس کلینک میں چھاپے کے دوران کروڑوں مالیت کی ”کویرا 0.5ملی گرام ، ریبیجن 4سو ملی گرام “ لاکھوں زائد المیعاد گولیاں موقع سے برآمد کی تھیں۔ہیپاٹائٹس کلینک میں موجود ڈاکٹرز مختلف نجی کمپنیوں سے مک مکا کر کے ان کی ادویات مریضوں کو لکھ کر د ے رہے تھے۔ قائمقام میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر افتخار نے خبریں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق کرپشن کو ملک سے ختم کرنا ہے۔ خبریں اور چینل ۵ کی جانب سے ہیپاٹائٹس ادویات کی نشاندہی کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی جانب سے انہیں مینڈیٹ دیا گیا ہے جس پر وہ مکمل طور پر پورا اتریں گے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv