باجوڑ(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں الیکشن کے انعقاد تک سب کو چوکنا رہنا ہے، ہوسکتا ہے کہ اگلے 30 دنوں میں الیکشن کی وجہ سے بھارت ہمارے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔باجوڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہندوستان میں حکمران جماعت نفرتیں پھیلا کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے، بھارت میں الیکشن کی وجہ سے لگتا ہے آئندہ 30 دنوں میں ہندوستان ہمارے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے اس لیے قوم اور مسلح افواج کے ساتھ ساتھ قبائلیوں کو بھی چوکنا رہنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم جنگ نہیں امن چاہتی ہے لیکن ہماری امن کی پالیسی کو کبھی کوئی کمزوری نہ سمجھے، ہندوستان سے کہا ہے کہ جنگ کے بجائے تجارت کریں اور کشمیر کا مسئلہ بات چیت سے حل کریں، میں کشمیریوں کو ان کی جدوجہدِ آزادی اور دلیری پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ امن و خوشحالی کے لیے مودی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، افغانستان میں طالبان اور امریکا کے مذاکرات جاری ہے جس سے وہاں امن کی امید ہے۔عمران خان نے کہا کہ کبھی کسی کرپٹ، عوام کا پیسہ لوٹنے والے اور منی لانڈرنگ کرنے والوں سے ڈیل نہیں کروں گا، ملک نے دو این آر او کی بہت بڑی قیمت ادا کی، مشرف نے ایک این آر او نواز شریف کو دیا اور دوسرا زرداری کو دیا، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ بڑے بڑے ڈاکو اور لیٹرے خطرے میں ہیں، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی، کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔