لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کالم نگار ناصر اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک نیک نیت آدمی ہیں اس میں شک والی کوئی بات نہیں۔حکومت ملک کو درست سمت میں لے کر جا ر ہی ہے۔ چینل فائیو کے پروگرام کالم نگار میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف حکومت پرعزم ہے کرپشن نہیں ہو گی تو ملک ترقی کرے گاآئی ایم ایف سے جان چھوٹے گی۔بدقسمتی سے جو یہاں کام کرتا ہے اس پر انگلیاں اٹھتی ہیں فوج بہترین ادارہ ہے لیکن انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔گزشتہ حکومت کے دور میں انتہاءکی کرپشن کی گئی ۔ترقیاتی منصوبوں کے نام پر جس طرح کرپشن ہوئی ایسی بدترین مثال نہیں ملتی صرف کاغذوں میں کام ہوا۔کرتارپور بارڈر کا معاملہ انتہائی مثبت اقدام ہے سکھوں نے بتا دیا وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔کالم نگار ضمیر آفاقی نے کہا کہ سو دن کا ایجنڈا دینا ہی حکومت کا غیر دانشمندانہ فیصلہ تھا ہر چیز میں وقت لگتا ہے۔عوام خوش فہمی میں مبتلا ہو گئے تھے لیکن اب عوامی کی خوش فہمیاں باہر آ رہی ہیں۔حکومت نے اپنی پالیسوں اور وعدوں پر عمل نہیں کیا۔ناقدین کہتے ہیں حکومتی کارکردگی صفر ہے۔انہوں نے کہا کرتارپور بارڈر مثبت اقدام ہے لیکن ملک صرف باتوں سے نہیں چلتے۔انہوں نے کہا حکومت کو چاہئے عوام کو ریلیف دے۔کالم نگارآغا باقر نے کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا حکومت نے کچھ نہیں کیا۔حکومت کے مثبت اقدام کی تعریف بھی کرنی چاہئے ابھی تو صرف سو دن ہوئے ہیں خارجہ پالیسی بہتر سمت میں گامزن ہے۔تہہ در تہہ کرپشن کے جرائم کا انکشاف ہو رہا ہے جس کے خلاف حکومت ایکشن لے رہی ہے۔پبلک سیکٹر پرفارم نہیں کرتا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو کور ایشوز پر بات کرنی چاہئے۔کالم نگار میاں افضل نے کہا کہ سو دن میں ساری سمتیں ٹھیک نہیں ہو سکتے کسی کے پاس کوئی چراغ تو ہے نہیں کو رگڑا اور مسائل حل ہو جائیں۔پالیسیاں اور ہوم ورک کرنا پڑتا ہے۔ مثبت پہلو یہ ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس ابھی تک نہ جانا کامیابی ہے۔سعودی سے بھی تعلقات مزید بہتر ہو گئے جو بہتر خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کرپشن کے خلاف کارروائی بلاامتیاز ہونی چاہئے۔ مقبوضہ کشمیر میں دو جوانوں کا قتل کرتارپور بارڈر کا ردعمل ہے۔