تازہ تر ین

مسلح ملزمان نے سابق ڈی آئی جی کے بیٹے کی گاڑی چھین لی

کراچی: سچل تھانے کی حدود سے سابق ڈی آئی جی کے بیٹے کی جعلی نمبر پلیٹ والی ریو جیپ مسلح ملزمان چھین کر فرار ہوگئے اور محافظ پولیس اہلکار کے ہاتھ اور آنکھوں میں پٹیاں باندھ کر ناردرن بائی پاس پر پھینک کر فرار ہوگئے۔

سچل پولیس نے سابق ڈی آئی جی ڈاکٹر سائیں رکھیو میرانی کے محافظ پولیس اہلکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس اہلکار نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ سابق ڈی آئی جی کے بیٹے کی سفید رنگ کی اپلائیڈ فور ریو جیپ جس کی نمبر پلیٹ پر UR 024 درج تھا، دو ملزمان نے مجھ سے چابی چھینے کی کوشش کی تو اس دوران میں نے مزاحمت کی تو کرولا کار سے ایک مسلح ملزم آیا اور اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چابی چھین کر میرے ہاتھ باندھے اور میری آنکھوں میں پٹی باندھ کر لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے ناردرن بائی پاس فقیرگوٹھ کی جھاڑیوں میں اتار دیا، ملزمان ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی، لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول، دیگر سامان اور جیپ چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظ عام پر آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور جیسے گاڑی میں سوار ہوتا ہے پیچھے سے چند افراد نمودار ہوتے ہیں اور ایک مبینہ ملزم تشدد کر رہا ہے اور پھر گاڑی میں بیٹھ جاتے ہیں۔

شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے تین ڈاکو گرفتار

ادھر کورنگی میں پولیس نے شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے تین ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے، اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نے بتایا کہ ڈاکوؤں سے اسلحہ دو پستول اور چھیننے ہوئے موبائل فون برآمد کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین ڈاکوؤں نے سنگر چورنگی بلال بریانی کے پاس واجد نامی شہری کو گولی مار کر زخمی کیا تھا، کورنگی پیٹرولنگ پولیس فائرنگ کی آواز سن کر چند سیکنڈ میں ہی موقع پر پہنچ گئی تھی۔

حسن سردار کا کہنا تھا کہ عوامی کالونی پولیس نے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، عوام کے ہجوم نے طیش میں آکر دو ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ تیسرا ڈاکو فرار ہوگیا تھا تاہم پولیس نے دوبارہ فرار ہونے والے تیسرے ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت عارف، ذوالفقار اور عمران کے نام سے ہوئی اور مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv