کراچی: کورنگی بلال کالونی میں منشیات فروشوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 دوستوں کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق مقتولین اپنی دکانیں بند کر کے گھر جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے موٹرسائیکل سے ٹکر مار کر انہیں نیچے گرایا ، ایک درجن سے زائد گولیاں برسائیں اور فرار ہوگئے ۔ مقتولین کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا اور اندرون سندھ سے تھا ۔
واقعہ انڈسٹریل ایریا کورنگی کے علاقے بلال کالونی مین روڈ لاشاری میڈیکل اسٹور غریب نواز مسجد کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں دوستوں کی شناخت 36 سالہ امتیاز ولد نثار احمد اور 40 سالہ محمد علی کے ناموں سے ہوئی۔ مقتول امتیاز کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 8 سی بلال کالونی کا رہائشی اور 6 بچوں کا باپ تھا اور گاڑیوں کا مکینک تھا ۔ اس کا بلال چورنگی کے قریب گیراج ہے ۔ آبائی تعلق کوہاٹ سے تھا ۔
مقتول محمد علی کورنگی بلال کالونی بنگالی بازار کا رہائشی اور 5 بچوں کا باپ تھا جب کہ وہ موٹرسائیکل کا مکینک تھا اور مقتول امتیاز کی دکان کے برابر والی دکان اس کی تھی ۔ مقتولین آپس میں بچپن کے دوست تھے ۔ آبائی تعلق اندرون سندھ نوشہرو فیروز سے تھا ۔