لاہور: محکمہ انسداد دہشتگردی راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اہم دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی راولپنڈی نے اطلاع ملنے پر دہشتگردوں کیخلاف بڑی کارروائی کی، اسی دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی تاہم دوران فائرنگ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے دو اہم دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے، دونوں دہشتگرد راولپنڈی میں ڈولفن فورس پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے، ہلاک دہشتگردوں کے حملے میں ڈولفن پولیس کا ایک جوان شہید ہوا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نصیب اللّہ اور احسان اللہ کے نام سے ہوئی جب کہ ہلاک شدہ دہشت گردوں کے پاس سے آئی ای ڈی، ہینڈ گرینیڈ، بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا۔