تازہ تر ین

کراچی میں بیوی نے مارپیٹ اور بیٹے سے ملاقات نہ کروانے پر دوسرے شوہر کو قتل کردیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے گولیمار میں دوسری شادی کرنے والی بیوی نے شوہر کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گولیمار کھجی گراونڈ محمدی مسجد کے قریب بیوی نے شوہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولیوں کے خول برآمد کرلیے جبکہ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی۔

ایس ایچ او رضویہ زبیر نواز نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45 ضیااللہ ولد عطااللہ کے نام سے کی گئی جو کہ نیو کراچی کا رہائشی تھا جبکہ ملزمہ ماہم اور مقتول ضیااللہ دونوں کی دوسری شادی تھی جو کہ ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھی اور ملزمہ 3 سالہ بیٹے کی ماں ہے، مقتول کنسٹرکشن کا کام کرتا تھا۔
گرفتار اہلیہ ماہم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے مقتول شوہر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مجھ سے مار پیٹ اور اسلحہ دیکھا کر خوفزدہ بھی کرتا تھا جبکہ پہلے شوہر سے جو بیٹا ہے اس سے بھی ملنے نہیں دیتا تھا تاہم آج اس نے مجھ سے بیٹے سے ملاقات کرانے کا کہا اس دوران اس نے شوہر کا پستول اپنے سامنے رکھ لیا اور ہم دونوں موٹر سائیکل پر پہلے شوہر کے پاس بیٹے سے ملنے اس کے گھر گولیمار جانے کے لیے روانہ ہوئے۔

ملزمہ نے بتایا کہ پہلے شوہر کے گھر سے کچھ فاصلے پر ضیااللہ کے موبائل فون پر کوئی کال آئی تو وہ گلی میں ہی موٹر سائیکل روک کر بات کر رہا تھا کہ اس دوران میں نے موقع پا کر اپنے پرس سے پستول نکال کر اس پر فائرنگ کر دی۔

زبیر نواز نے مزید بتایا کہ مقتول کو سینے اور ہاتھ پر گولیاں لگی تھیں جبکہ پولیس کو جائے واقعہ سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں جبکہ پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے چند گلیوں کے بعد رہائش پذیر ملزمہ ماہم کے پہلے شوہر کو بھی تھانے طلب کرلیا جس نے بتایا کہ اس نے ماہم کو اس نے طلاق دیدی تھی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں بھی معلوم ہوا ہے کہ مقتول ضیااللہ سے اس کی پہلی بیوی نے چند سال قبل خلع لے لی تھی تاہم واقعہ کے حوالے سے پولیس نے مقتول کے ورثا سے بھی رابطہ کیا ہے اور ان سے بھی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv