لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کابیشتر دن بےگھر اسپیشل بچوں ، خواتین اور بزرگوں کے اداروں ’’چمن‘‘ ،”عافیت“ اور ”درالفلاح‘‘ میں گزارا۔
عید الفطر کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بے سہارا اور بےگھر لوگوں کے درمیان پہنچ گئیں ۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں ”چمن“،”عافیت“ اور ”درالفلاح“ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے بچوں کو تحائف، کھلونے اور مٹھائیاں بھی دیں اور اسپیشل بچوں کے ساتھ مل کر عید کا کیک کاٹا اور انہیں کھلایا۔
مریم نواز سب سے پہلے بے سہارا بچوں کے لیے قائم مرکز ”چمن“ پہنچیں، جہاں وہ بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔ انہوں نے بچوں سے گفتگو کی اور تعلیم و دیگر مشاغل سے متعلق دریافت کیا۔ بچوں نے تحائف دینے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ مریم نواز بے سہارااور بے گھر بزرگوں کے لیے قائم ”عافیت“ مرکز گئیں جہاں انےوں نے 39بزرگ مرد وخواتین کی خیریت دریافت کی۔ مریم نواز نے ایک مریض خاتون کو اپنے ساتھ بٹھایا، اور انہیں چوڑیاں پہنائیں۔ مریم نواز نے بے سہارا افراد کو عید مبارک کہا، جس پر وہاں موجود بزرگ آبدیدہ ہوگئے۔
اس کے بعد مریم نواز دارالفلاح پہنچیں جہاں انہوں نے بیوہ خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں پر دست شفقت رکھا اور دعائیں دیں۔
اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، معاون خصوسی ذیشان ملک، کمشنر و ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری اطلاعات ڈی جی پی آر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔