تازہ تر ین

صدر اور وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنماؤں نے کہاں عید کی نماز ادا کی

ملک میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، صدر اور وزیر اعظم سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے مختلف شہروں میں نماز عید ادا کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، خوشی میں ایسے لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جن کے پاس وسائل نہیں ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں عید الفطر کی نمازادا کی۔

صدر زرداری نے ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کےلئےدعائیں کیں۔

آصف زرداری ، مسجد میں موجود لوگوں سے عید ملے اور انھیں عید کی مبارکباد بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی، حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کی یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

وزیراعظم نے نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں سےعید ملی اور انھیں عید کی مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشی کا تہوار ہے اس میں دیگر افراد کا خیال رکھیں اور ملک کی ترقی میں سب اپنا حصہ ڈالیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ عہد کریں پاکستان کو ہم نے ترقی یافتہ ملک بنانا ہے، ایسے لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جن کے پاس وسائل نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، فلسطینی اور کشمیری بھائی آج ظلم براداشت کر رہے ہیں۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوا۔ جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، چیف سیکرٹری اور کمشنر لاہور سمیت ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین اور بچوں نے عید کی نماز ادا کی۔ نماز کی امامت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے کروائی۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں نماز عید ادا کی۔

خواجہ آصف نے جامع مسجد خواجہ صفدر کینٹ میں نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں سے عید ملی اور ارض پاک کےلٸے دعا کی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے عید الفطر کی نماز اپنے آبائی گاؤں ڈی آئی خان میں ادا کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کی اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے نماز عید پولو گراؤنڈ میں ادا کی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید نے نماز عید سکھ میں ادا کی۔

خور شید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کرمنلز کے پاس اسلحہ کہاں سے آتا ہے سوالات ہونے چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت بہادر پولیس ہے، بڑے بڑے مقابلے کئے ہیں، ایک سے 15 گریڈ کے افسران کو چار نہیں چھ تنخواہیں دینی چاہیے تھیں۔

لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے عید کی نماز فیصل آباد میں ادا کی۔ اس موقع پر انھوں نے پیغام دیا کہ سب کو ملک کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv