تازہ تر ین

سائفر کیس؛ ون سی اور ون ڈی دونوں میں سزا نہیں ہوسکتی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ون سی اور ون ڈی دونوں میں تو سزا نہیں ہوسکتی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عمومی طور پر جب کوئی وکیل ہاتھی نکال دے تو دم نکالنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لیکن آپ پر یہ سیکشنز لگی ہوئیں ہیں آپ نے اس حوالے سے عدالت کی معاونت کرنی ہے، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ رمضان میں جب آپ کام کرتے ہیں تو عید سے پہلے عیدی ملنے کا تقاضا ہوتا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ حامد علی شاہ صاحب دلائل کے لیے جتنا وقت چاہیں گے ہم انہیں دیں گے، عید ہونے نا ہونے کا اس میں کوئی معاملہ نہیں ہم نے قانونی تقاضے پورے کرنے ہیں، آفیشل سیکریٹ ایکٹ فائیو ون سی یا فائیو ون ڈی میں سے ایک میں ہی سزا ہو سکتی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ ون سی تو لاپرواہی ہے اور ون ڈی جان بوجھ کر گم کرنا ہے، میں دونوں کے حوالے سے عدالت کی معاونت کروں گا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں ون سی اور ون ڈی دونوں میں سزا ہوئی ہے؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ جی بالکل دونوں میں سزا ہوئی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ون سی اور ون ڈی دونوں میں تو سزا نہیں ہو سکتی، بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ون سی اور ون ڈی سے متعلق اعظم خان کے علاؤہ کوئی ثبوت ان کے پاس نہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv