پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے مخالفین کیخلاف اپنی سوشل میڈیا ٹیم لانچ کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے اور بہت زیادہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
شیر افضل نے ہفتہ کی شب اعلان کیا تھا کہ میں نے مخالفین کی طرف سے شروع کی گئی بدترین قسم کی میڈیا مہم کو برداشت کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے میڈیا رضاکاروں اور چند میڈیا پرسنز کے علاوہ کسی نے میرا دفاع نہیں کیا۔
انھوں نے کہا کہ ’مجھے گالم گلوچ بریگیڈز کا بھی سامنا ہے اور وہ اب بھی جاری ہیں۔ تمام بری باتیں کہی گئیں اور انہوں نے سوچا ہوگا کہ میں اسے ہضم کر لوں گا لیکن میں نے حساب رکھا ہوا ہے اور ہر ایک کو منافع کے ساتھ اس کا حق بھی ملے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس پہلے سے ہی دو واٹس ایپ گروپ تھے اور ہم زیادہ تر فیس بک پر فوکس کر رہے تھے۔ میں نے تقریباً 3500 مروتوں (مروت قبیلہ سے تعلق رکھنے والے افراد) کو فیس بک سے ٹویٹر اور ٹک ٹاک پر شفٹ کیا ہے اور انہیں ٹریننگ دی گئی ہے۔
شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ گروپوں میں شامل ہونے کی بارہ ہزار درخواستوں میں سے، ہم نے پہلے ہی 8000 کارکنوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہم نے واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے اور ہم بہت زیادہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اپنی الگ ٹیم لانچ کرنے پر شیر افضل کو پی ٹی ائی کے حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کی کئی دیگر رہنماؤں کی بھی اپنی سوشل میڈیا ٹیمیں ہیں۔