اسلام آباد: اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا، سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی کے خلاف فراڈ کا مقدمہ خارج کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے دبئی میں مقیم ارب پتی تاجر عمر فاروق ظہور کی مدعیت میں درج مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوفیہ مرزا کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
اداکارہ صوفیہ مرزا کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور نے اپنی سابقہ اہلیہ (صوفیہ مرزا)، شہزاد اکبر اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی کے خلاف فراڈ، ریکارڈ ٹمپرنگ، جعلسازی اور عوامی عہدے کے غلط استعمال کا مقدمہ درج کیا تھا۔
اداکارہ صوفیہ مرزا (خوش بخت شجاعت) نے مقدمہ اخراج کی درخواست دائر کر رکھی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس ارباب محمد طاہر نے محفوظ فیصلہ سنادیا اور صوفیہ مرزا، شہزاد اکبر اور ثنا اللہ عباسی کے خلاف فراڈ کے مقدمے کو خارج کردیا۔
واضح رہے کہ عمر فاروق ظہور نے اکتوبر 2022 میں اسلام آباد پولیس اسٹیشن سیکریٹریٹ میں صوفیہ مرزا اور شہزاد اکبر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔